رسائی کے لنکس

یمن میں خود کش حملہ، 40 فوجی اہلکار ہلاک


یمنی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایک خود کش حملہ آور نے ان  فوجی اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ  ایک فوجی اڈے کے قریب تنخواہ لینے کے لیے ایک قطار میں کھڑے تھے ۔

یمن میں اتوار کو ہونے والے ایک خود کش بم دھماکے میں کم ازکم 40 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ دھماکا یمن کے ساحلی شہر عدن میں ہوا۔ یہ دھماکا اس علاقے کے قریب ہوا جہاں گزشتہ ہفتے داعش کے جنگجوؤں کے ایک حملے میں 50 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔

یمنی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایک خود کش حملہ آور نے ان فوجی اہلکاروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایک فوجی اڈے کے قریب تنخواہ لینے کے لیے ایک قطار میں کھڑے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں کم ازکم 50 دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔

اس حملے کی ذمہ دای شدت پسند گروپ داعش نے قبول کی ہے۔

عدن بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کا دارالحکومت ہے۔ یمن کی انتظامیہ اس شہر پر اپنے کنٹرول کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اس دوران عسکریت پسندوں نے سرکاری فورسز کے خلاف درجنوں حملے کیے ہیں۔

یمن میں گزشتہ دو سال سے جاری لڑائی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے القاعدہ اور داعش کے شدت پسندوں نے یمن کے جنوبی علاقوں میں سرکاری اہلکاروں اور تنصیبات پر حملے کیے ہیں۔

سعودی عرب اور اس کی زیادہ تر عرب اتحادی افواج مارچ 2015 سے یمن کے حکومت مخالف حوثی باغیوں کے خلاف بمباری جاری رکھے ہوئے ہے تاہم وہ صنعا پر حوثیوں کا قبضہ ختم کرانے میں ناکام رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG