رسائی کے لنکس

logo-print

یمن میں امریکی سفارت خانہ دوبارہ کھل گیا



یمن میں امریکی سفارت خانے نے کہا ہے کہ یمن کی فورسز کی جانب سے سکیورٹی کے اس خطرے سے کامیابی سے نمٹنے کے بعد جس کے باعث سفارت خانے کو دو روز کے لیے بند کرنا پڑا تھا، اسے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

صنعاٴ میں امریکی مشن نے کہا ہے کہ یمن نے پیر کے روز صنعاٴ کے شمال میں دہشت گردی کے خلاف کارروائی کر کے اس حوالے سے پائے جانے والے مخصوص خدشے کودور کردیا ہے ۔ مشن نے اس بارے میں بھی خبر دار کیا ہے کہ یمن میں امریکی مفادات کے خلاف دہشت گردی کا خطرہ بدستور موجود ہے۔

صنعاٴ میں برطانوی سفارت خانہ بھی منگل کے روز دوبارہ کھل گیا لیکن اس کی عوامی خدمات کا سلسلہ معطل رہا۔

امریکہ اور برطانیہ نے القاعدہ کے کسی ممکنہ حملے کے بارے میں خبر دار کیے جانے کے باعث اتوار کے روز اپنے سفارت خانے بند کردیے تھے۔ یمن کا کہنا ہے کہ اس کی فورسز نے پیر کےروز شمالی علاقے ارہاب میں ایک کارروائی کے دوران القاعدہ کے ان دو ارکان کو ہلاک کر دیا جو اس خطرے کے ذمہ دار تھے۔

یمن کی حکومت نے منگل کے روز دارالحکومت اور مغربی علاقے حدیدہ میں القاعدہ کے پانچ مشتبہ ارکان کو گرفتار بھی کیا۔

XS
SM
MD
LG