رسائی کے لنکس

دوسرا ٹیسٹ: یونس خان کے سات ہزار رنز مکمل


فائل
فائل

یونس سے قبل پاکستان کے تین بلے باز - جاوید میاں داد، انضمام الحق اور محمد یوسف ٹیسٹ میچز میں سات ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرچکے ہیں۔

پاکستان کے سابق کپتان یونس خان ٹیسٹ میچز میں سات ہزار رنز مکمل کرنے والے پاکستان کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

یونس خان نے یہ اعزاز بدھ کو پاکستان اور زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن حاصل کیا۔ ان سے قبل جاوید میاں داد، انضمام الحق اور محمد یوسف ٹیسٹ میچز میں سات ہزار رنز کا ہندسہ عبور کرچکے ہیں۔

یونس اور خرم منظور کی ہاف سنچریوں کی بدولت میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے اور دوسرے دن کھیل کے اختتام تک قومی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے ہیں۔

اس سے قبل دوسرے دن کھیل شروع ہونے پر میزبان زمبابوے نے 237 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کے آخری کھلاڑیوں نے مجموعی اسکور میں 57 رنز کا اضافہ کیا۔

زمبابوے کی پوری ٹیم 294 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی ۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 67 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 29 کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 22 رنز بنائے۔ ان کے بعد اظہر علی بھی صرف 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

تاہم اوپنر خرم منظور نے عمدہ بیٹنگ کی اور 51 رنز بنا کر پاکستان کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔ وہ 96 کےمجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

یونس اورکپتان مصباح نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں مجموعی اسکور میں 67 رنز کا اضافہ کیا۔ دوسرے دن میچ کے اختتام پر یونس 52 اور کپتان مصباح 27 رنز کے ساتھ وکٹوں پر موجود تھے۔

یونس خان نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ڈبل سینچری اسکور کی تھی۔ پاکستان نے یہ میچ 221 رنز سے جیت لیا تھا۔
XS
SM
MD
LG