رسائی کے لنکس

”جمہوریت کے فروغ اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنے پراتفاق“


”جمہوریت کے فروغ اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنے پراتفاق“
”جمہوریت کے فروغ اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنے پراتفاق“

وزیر اعظم گیلانی اور نواز شریف نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

عدلیہ اور حکومت کے درمیان ججوں کی تعیناتی کے معاملے پرپیدا ہونے والے بحران کے خاتمے کے بعد وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے درمیان پیر کو رائیونڈ میں ملاقات ہوئی ۔ اس ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

تاہم نواز شریف نے کہا کہ اگر میثاق جمہوریت پر بروقت عمل درآمد ہوجاتا تو اُن کے بقول مسائل پیدا نہ ہوتے ۔ اس موقع پر وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ اُن کی حکومت چاہتی ہے کہ رواں سال 23 مارچ سے قبل ہی آئین میں ترامیم کا عمل مکمل کرکے صدر اور پارلیمان کے اختیار میں توازن پیدا کردیا جائے ۔

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سیاسی مفاہمت کو فروغ دینے کے لیے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور نواز شریف کے درمیان بات چیت کو اچھی پیش رفت قراردیا جارہا ہے ۔ لیکن تجزیہ نگار پروفیسر رسول بخش ریئس کا کہنا ہے کہ ان دونوں بڑی جماعتوں کے درمیان سیاسی جھگڑوں کے باعث ملک کو درپیش اقتصادی مسائل اور عوام کی مشکلات کو حل کرنے پر حکومت توجہ نہیں دے پارہی ہے۔

پروفیسر رسول بخش رئیس کی رائے کی جھلک اسلام آباد کے ایک بازار میں شہریوں سے بات چیت میں بھی نظر آئی ۔ اُنھوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ماضی میں ملک کی ان دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں سے عوام کی مشکلات میں کمی نہیں آئی تاہم اُنھوں نے کہا کہ اس ملاقات سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کے درمیان کشید گی میں کمی آئے گی۔

لیکن وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد سے ملاقات کے بعد ایک بار پھر اس عزم کو دہرایا کہ اُن کی حکومت عوام کی مشکلات سے بے خبر نہیں اور حزب اختلاف کی جماعت سے مل کر ان مسائل کو کم کرنے کے لیے کوشش کرنا چاہتی ہے۔

XS
SM
MD
LG