رسائی کے لنکس

یو ٹیوب پر بڑی آمدنی والے اسٹارز


ایک محتاط اندازے کے مطابق 8 سالہ ایوین سال میں کم سے کم 1 لاکھ 34 ہزار ڈالرز اور زیادہ سے زیادہ 13 لاکھ ڈالرز تک کماتے ہیں ۔

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ 'یو ٹیوب' صارفین کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے لاکھوں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن سکیں۔ یہی نہیں بلکہ ویڈیو مواد پوسٹ کرنے والے صارفین کو یو ٹیوب آمدنی کے حصول کا ایک ذریعہ بھی فراہم کرتا ہے۔

حالیہ دنوں میں ایسے آزاد مواد کے تخلیق کاروں کے لیے یو ٹیوب کے لیے ویڈیوز تیار کرنا ایک بڑا کاروبار بن چکا ہے۔ ان یوٹیوب کے اسٹارز کے پرستاروں کی تعداد اگرچہ لاکھوں میں ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود بہت سے لوگوں نے ان کا نام تک نہیں سنا ہوگا۔

'بزنس انسائیڈر' کے مطابق یوٹیوب کےبہت سے اسٹارز ایسے ہیں جن کی سالانہ آمدنی لاکھوں ڈالرز سے تجاوزکر چکی ہے۔ ایسے چند تخلیق کاروں کی آمدنی کا اندازہ یو ٹیوب کی ایک تجزیاتی کمپنی 'سوشل بلیڈ' کی طرف سے فراہم کیا گیا ہے۔

ان افراد کی آمدنی میں ان کی ویڈیوز کی ویوز کی بنیاد پر اضافہ ہوتا ہے۔ حتّی کہ یو ٹیوب کی جانب سے آمدنی کے 45 فی صد کٹوتی کے باوجود یو ٹیوب کے اسٹارز سالانہ لاکھوں ڈالرز کماتے ہیں ۔

8 سالہ ایوین 13 لاکھ ڈالر کمانے والے اسٹار EvanTubeHD

گزشتہ برس جب پہلی بار ایوین نے یو ٹیوب پر مشہور ویڈیو گیم اینگری برڈ کے سوفٹ کلے سیٹ سے کھیلتے ہوئے تبصرہ پیش کیا تو اس ویڈیو کو 51 ملین بار دیکھا گیا۔ ایوین یو ٹیوب کے فیملی فرینڈلی چینل 'ایوین ٹیوب ایچ ڈی' کے میزبان ہیں۔

اس چینل پر ایوین متعدد ویڈیوز، گیمز اور کھلونوں کے بارے میں جائزے پیش کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ان ویڈیوز میں کبھی کبھار اس کی بہن اور والدہ بھی نظر آتی ہیں۔

ایوین کے چینل ایوین ٹیوب ایچ ڈی کے کل صارفین کی تعداد اس وقت تک لگ بھگ9 لاکھ ہے جبکہ ان کے نئے چینل ' ایوین ٹیوب را' کے کل سبسکرائیبر کی تعداد تقریباً 3 لاکھ سے زائد ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق ایوین سال میں کم سے کم ایک لاکھ 34 ہزار ڈالرز اور زیادہ سے زیادہ 13 لاکھ ڈالرز تک کماتے ہیں۔

ایوین اپنے چینل پر اینگری بیرڈ، لیگو، مائین کرافٹ اور اسکائی لینڈر جیسے مقبول ویڈیوز گیمز پر تبصرے پیش کرتا ہے اور ایوین کی ویڈیوز میں اسپشیل افیکٹ کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ ایون اپنی ویڈیوز میں سائنسی تجربات بھی پیش کرتا ہے۔

ایوین کے چینل کی مقبولیت دیکھتے ہوئے اس کے والد جیریڈ نے ویڈیوز تیار کرنے کے لیے باقاعدہ ایک فوٹو گرافی اور پروڈکشن کمپنی قائم کی ہے۔

جاپانی بہنوں کا گیم چینل: کھانا اور ایکیرا'ز چینل potami 926

جاپان سے تعلق رکھنے والی دو بہنوں کھانا اور ایکیرا کا یو ٹیوب چینل بچیوں میں مقبولیت کے لحاظ سے سر فہرست ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سوشل بلیڈ کے مطابق ان کم عمر بہنوں کی اندازاً کم سے کم سالانہ آمدنی 1 لاکھ 65 ہزار سے تقریباً 16 لاکھ ڈالرز سے تجاوز کر چکی ہے۔

​کھانا اور ایکیرا یو ٹیوب چینل پر دونوں بہنیں اپنے والدین کی مدد سے اپنی ویڈیوز اپ لوڈ کرتی ہیں جن میں وہ متعدد اقسام کے کھلونوں سے کھیلتے ہوئے نظر آتی ہیں اور ان پر تبصرے کرتی ہیں۔

یو ٹیوب چینل دی ڈائمنڈ مائین کرافٹ The Diamond Minecraf

یو ٹیوب کے گیم چینل کے کمنٹیٹر ڈینیئل ڈائمنڈ مائین کرافٹ کی حیثیت سے شہرت رکھتے ہیں۔ انھیں نوجوانوں کے پسندیدہ ویڈیو گیمز مائین کرافٹ کا مقبول یو ٹیوبر سمجھا جاتا ہے۔ ڈینیئل اپنے مخصوص لب ولہجے کے ساتھ گیم کھیلتے ہوئے کمنٹری کرتے ہیں جبکہ ہر روز گیم پر تبصرہ بھی پوسٹ کرتے ہیں۔

ڈینیئل کے چینل کو سبسکرائب کرنے والوں کی کل تعداد 40 لاکھ سے زائد ہے۔ جبکہ دی مائنڈ کرافٹ سے حاصل ہونے والی سالانہ آمدنی اندازاً کم سے کم2 لاکھ ڈالرز جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 لاکھ ڈالرز ہے۔

یو ٹیوب کا مقبول ترین چینل پیو ڈی Pew Die Pie

فیلیکس اروید الف کیالبرگ کی وجہ شہرت ان کا مقبول ترین یوٹیوب چینل 'پیو ڈی پائی' ہے۔ گزشتہ برس سے فیلیکس یو ٹیوب پر ایک گیم کمینٹیٹر کی حیثیت سے پوری طرح سے چھا چکے ہیں۔

انٹرنشنل بزنس ٹائمز کے مطابق، فیلیکس یو ٹیوب کے سب سے مقبول کمنٹیٹر ہیں اور اس وقت دنیا بھر میں سب سے زیادہ آمدنی کمانے والے یو ٹیوب اسٹار ہیں۔ سویڈن سے تعلق رکھنے والے فیلیکس کے چینل کی کل 2000 ہزار ویڈیوز کے لیے صارفین کی تعداد اس وقت تک32 ملین سے زیادہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبرمیں پیو ڈی پائی چینل کو یو ٹیوب پر سب سے زیادہ تعداد میں ویوز حاصل ہوئے ہیں اور اپنے چینل کے 62 لاکھ ویوز کے ساتھ فیلیکس کی اندازاً سالانہ آمدنی 40 لاکھ ڈالرز سے زائد ہو چکی ہے۔

فیلیکس ایکشن اور خوف و دہشت پر مبنی گیمز کی کمنڑی میں مہارت رکھتے ہیں۔ ان کا کردار کیالبرگ گیمز میں بہت سے ویڈیو گیمز کھیلتے ہوئے مزاحیہ انداز میں کمنٹری کرتا ہے اور اکثر ہارر گیمز کھیلتے ہوئے دہشت اور خوف کی ملی جلی آوازوں کے ساتھ تاثرات پیش کرتا ہے۔

یو ٹیوب پر بڑی بڑی آمدنی والے دیگر اسٹارز کی فہرست میں پیو ڈی پائی کے بعد 'بلیو کلیکشن' چینل کا نمبر آتا ہے۔ ڈزنی کلیکٹر بی آر، اسموش ، اسکائی ڈز مائین کرافٹ، ویجیٹا 777، ٹوبی گیمز کے علاوہ بہت سے یو ٹیوب اسٹار اس فہرست کا حصہ ہیں۔

گوگل کی ملکیت ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یو ٹیوب نوجوانوں کی آن لائن مصروفیت کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ یو ٹیوب اپنے صارفین کی پسند کا خیال رکھتے ہوئے موسیقی، مزاح، تعلیم اور دیگر موضوعات پر مبنی ویڈیوز پیش کرتا ہے تو دوسری طرف صارفین کو 15 منٹ پر مشتمل ویڈیو مواد اپ لوڈ کرنے کی اجازت دیتا ہے اور انھیں ویڈیو کے بدلے میں معقول آمدنی کمانے کا ذریعہ فراہم کرتا ہے۔ یو ٹیوب اپنے صارفین کو ان کی ویڈیو زکی مقبولیت اور ویوز کی بنیاد پرادائیگی کرتا ہے جبکہ اس ویب سائٹ پر مشتہرین ویڈیو اشتہاربھی ڈسپلے کر سکتے ہیں۔

یو ٹیوب پر ویڈیو مواد پوسٹ کرنے کے لیے جب کوئی شخص یو ٹیوب کے اکاونٹ سے سائن اپ ہوتا ہے تو اس کا کھاتا اس کا ذاتی چینل کہلاتا ہے۔

چینل کی مقبولیت کی بنیاد پر گوگل کھاتے دار شخص کو ویڈیوز کے بدلے میں ادائیگی کرتا ہے۔ یو ٹیوب کے یہ کھاتہ دار یو ٹیوب کے پارٹنرز کہلاتے ہیں جبکہ یو ٹیوب انگریزی کے علاوہ 16سے زائد زبانوں میں صارفین کو ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

صارفین کے علاوہ یو ٹیوب پر ابلاغی ادارے بھی شراکت دار منصوبے کے تحت اپنا کچھ مواد پیش کرتے ہیں۔ غیر مندرج صارفین یو ٹیوب پر ویڈیوز دیکھ سکتے ہیں جبکہ مندرج صارفین کو لامحدود ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی اجازت ہے۔

XS
SM
MD
LG