رسائی کے لنکس

یوٹیوب خبروں کا ایک بڑا ذریعہ بن رہی ہے، پیو ریسرچ سینٹر


پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق کے مطابق یوٹیوب کی جن پوسٹنگز پر سب سے زیادہ لوگ آئے، ان میں سے ایک تہائی کا تعلق خبروں سے تھا

ایک نئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویڈیو شیئرنگ کی معروف ویب سائٹ یو ٹیوب رفتہ رفتہ خبروں کے ایک بڑے پلیٹ فارم کی شکل اختیار کررہی ہے۔

تھینک ٹینک پیو ریسرچ سینٹر کے ایک پراجیکٹ میں ، جس کا تعلق بہترین صحافت کے خدوخال سے ہے، پیر کے روز بتایا گیا کہ ادارے کو اپنی گذشتہ 15 ماہ کی تحقیق سے یہ معلوم ہوا ہے کہ یوٹیوب کی جن پوسٹنگز پر سب سے زیادہ لوگ آئے، ان میں سے ایک تہائی کا تعلق خبروں سے تھا۔

پیوریسرچ سینٹر کی یہ تحقیق جنوری 2011ء سے مارچ 2012 ء کے عرصے کے دوران کی گئی ۔
پیو کا کہناہے کہ جاپان میں گذشتہ سال تباہ کن زلزلے اور سونامی کے بعد سات روز تک یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی 20 ویڈیوز کا تعلق قدرتی آفات کی تباہ کاریوں سے تھا اور انہیں 9 کروڑ 60 لاکھ سے زیادہ دفعہ دیکھا گیا۔

پیو کا کہناہے کہ لوگوں نے ان ویڈیوز میں ایک نئی طرح کی صحافت کی جھلک دیکھی ، کیونکہ زیادہ تر ویڈیوز ان افراد کی جانب سے یوٹیوب پر شائع کی گئی تھیں جو خود اس تباہی کا نشانہ بنے یا وہ اس کے عینی شاہد تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ناظرین کے لیے ٹی وی کی خبروں کا ایک آسان متبادل ذریعہ یوٹیوب بن رہاہے اور ویڈیو شیئرنگ کی یہ ویب سائٹ پیشہ ورانہ صحافت اور شہری صحافت کو ایک دوسرے میں مدغم کرنے کا ذریعہ بن رہی ہے۔
XS
SM
MD
LG