رسائی کے لنکس

ماوٴنٹ ایورسٹ سر کرنے والا دنیا کا معمر ترین کوہ پیما


'آئی میڈ اٹ۔ اگرچہ میں مکمل طور پر نڈھال ہو چکا ہوں، لیکن اسی برس کی عمر میں بھی میں اچھی طرح سے اس مہم کو انجام دے سکا ہوں۔ یہ میرے لیے دنیا کی سب سے بڑی خوشی ہے'

اسی برس کے جاپانی کوہ پیما یوشیرو میورا Yoichiro Miura نےماوٴنٹ ایورسٹ کی چوٹی کو سر کرکےدنیا کے معمر ترین کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

میورا ماوٴنٹ ایورسٹ کی چوٹی کو پہلے بھی دوبار سر کر چکے ہیں، جبکہ گذشتہ چند برسوں میں ان کے دل کے چار آپریشن ہو چکے ہیں۔
نیپالی کوہ پیما کے دفتر(جیانندرا شریشٹھا) کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ 80 سالہ یوشیرو میورا ماوٴنٹ ایورسٹ کی چوٹی کو سر کرنے والے دنیا کے معمر ترین کوہ پیما بن گئے ہیں۔
ماوٴنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ کے مطابق، انھوں نے جمعرات کے روز مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے دنیا کے بلند ترین پہاڑ کی چوٹی کو سر کیا، جبکہ اس کامیاب مہم میں ان کا ڈاکٹر بیٹا گوٹا بھی شریک تھا۔

اگرچہ میورا ماوٴنٹ ایورسٹ سر کرنے والےدنیا کے معمر ترین کو پیما بن چکے ہیں۔ لیکن، شاید وہ اپنا ریکارڈ زیادہ دنوں تک برقرار نہیں رکھ پائیں گے، کیونکہ اس سیزن میں ان کے ساتھ ماوٴنٹ ایورسٹ سر کرنے والے سابقہ معمر ترین کوہ پیما ہونے کا اعزاز رکھنے والے 81 سالہ فومن بہادر شیرچن بھی شامل ہیں جو اسی ہفتے ماوٴنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے کا اراداہ رکھتے ہیں۔
اس ضمن میں، یہ بات انتہائی دلچسپ ہے کہ دونوں کوہ پیما پانچ برس قبل بھی ایک دوسرے کے مد مقابل آچکے ہیں۔ گنیز بک کے مطابق سنہ 2008 میں 76 سالہ نیپالی کوہ پیما شیرچن نے 340 دنوں میں ماوٴنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرکے گنیز بک ورلڈ ریکارڈز میں اپنا نام درج کروایا تھا۔ جبکہ، 75سالہ جاپانی کوہ پیما میورا نے 227 دنوں میں رواں سال صرف ایک دن بعد ماوٴنٹ ایورسٹ کی چوٹی کو سر کیا تھا۔
علاوہ ازیں، سنہ 2003 میں میورا 70 برس کی عمر میں پہلی بار دنیا کے معمر ترین کو پیما ہونے کی حیثیت سے گنیزبک میں اپنا نام درج کرا چکے ہیں۔

میورا نے اپنی کامیاب مہم کے اختتام پر پہاڑ کی چوٹی سے بیس کیمپ میں اطلاع کی اور کہا،'آئی میڈ اٹ'۔ اگرچہ میں مکمل طور پر نڈھال ہو چکا ہوں لیکن اسی برس کی عمر میں بھی میں اچھی طرح سے اس مہم کو انجام دے سکا ہوں یہ میرے لیے دنیا کی سب سے بڑی خوشی ہے'۔
میورا اگرچہ چند دنوں بعد چوٹی سے واپسی کا ارادہ رکھتے تھے۔ تاہم، موسم کی خرابی کے باعث اتوار کے روز انھیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے واپس کھٹمنڈو پہنچایا گیا ہے۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ،'میرا خیال ہے کہ تین بار چوٹی کو سر کرنا کافی ہے۔ اس مقام پر آکر اب میں کوئی خواہش نہیں رکھتا، سوائے آرام کے‘۔ جبکہ، انھوں نے نیپالی کوہ پیما کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا ہے۔
دوسری جانب، نیپالی کوہ پیما فومن بہادر شیرچن نے اپنے بیس کیمپ سے پیغام بھیجا ہے کہ'وہ پوری طرح سے صحت مند ہیں اور مقابلے کے لیے تیار ہیں، اور آئندہ ہفتے پہاڑ کی چوٹی تک پہنچنے کا اراداہ رکھتے ہیں۔'
ماونٹ ایورسٹ سر کرنے کی 60 ویں سالگرہ :
دنیا کے بلند ترین پہاڑ ماونٹ ایورسٹ کی چوٹی کو سر کرنے کا خواب کئی لوگوں نے دیکھا تھا لیکن پہلی بارماوٴنٹ ایورسٹ کی چوٹی سر کرنے کا اعزاز برطانوی کوہ پیماوں کی نو رکنی ٹیم میں شامل نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والی 'ایڈمنڈ ہلیری' اور نیپال کے 'ٹینزنگ نورگے' کو حاصل ہوا تھا، جنھوں نے29 مئی 1953ء میں صرف سات ہفتوں کی مہم کے بعد دنیا کی بلند ترین چوٹی جو سطح سمندر سے 8848 میٹر بلند ہے اسے کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی۔
سال 2013 ءکو ماوٴنٹ ایورسٹ سر کرنے کی 60 ویں سالگرہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ ماوٴنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والوں کے لیے ان دنوں کوہ پیمائی کا سیزن ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سینکڑوں کوہ پیماوٴں کو چوٹی سر کرنے کے لیے قطار میں کھڑا رہ کر اپنی باری کا انتطار کرنا پڑتا ہے۔
مہم سے لوٹنے والوں کا کہنا ہے کہ چوٹی تک پہنچنے کے لیے اکثر ناتجربہ کار کوہ پیماوں کی وجہ سے کئی کئی گھنٹوں کسی ایسے مقام پر انتظار کرنا پڑتا ہے جو انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
اس موسم میں تقریبا 700 کوہ پیما اور گائیڈ ماونٹ ایورسٹ کی چوٹی کو سر کریں گے جبکہ کوہ پیمائی کا یہ موسم کچھ ہی ہفتوں میں رخصت ہونے والا ہے، کیونکہ اس کے بعد مون سون کی تیز ہوائیں بلندی تک پہنچنا ناممکن بنا دیں گی۔
سال 2013 ءمیں دنیا کی بہت سی خواتین کوہ پیماوٴں نے دنیا کے بلند ترین چوٹی کو سر کرنے کا معرکہ انجام دیا۔ جن میں 21 سالہ ثمینہ بیگ وہ پہلی خاتون ہیں جنھیں نہ صرف پہلی پاکستانی کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے بلکہ انھیں مسلم دنیا کی سب سے کم عمر ترین خاتون کوہ پیما ہونے کا بھی اعزازحاصل ہوا۔
اسی طرح، سعودی عرب کی 25 سالہ خاتون، راحہ موہارک اور بھارت سے تعلق رکھنے والی پہلی معذور خاتون ارونما سنہا شامل ہیں۔ اسی برس انڈیا کی21 سالہ دو جڑواں بہنوں تاشی ملک اور ننسی ملک نے بھی ثمینہ بیگ کے ساتھ 19 مئی کو ایک ساتھ ماوٴنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر اپنے اپنے ملک کا جھنڈا لہرایا۔

ان کوہ پیماوٴں میں قطر کے شہزادے اور ایک نیپالی فلم اسٹار کے علاوہ 16سالہ معذور امریکی نوجوان ایلی رایمر بھی شامل ہیں۔
ماوٴنٹ ایورسٹ کو سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر امریکی کوہ پیما جورڈن رومیرو ہیں، جنھوں نے صرف 13 برس کی عمر میں 2010ء میں دنیا کی بلند ترین چوٹی کو سر کیا۔
XS
SM
MD
LG