رسائی کے لنکس

صدر زرداری کی سعودی حکمراں شاہ عبداللہ سے ملاقات


صدر زرداری کی سعودی حکمراں شاہ عبداللہ سے ملاقات
صدر زرداری کی سعودی حکمراں شاہ عبداللہ سے ملاقات

پاکستانی صدر آصف علی زرداری نے بدھ کی شام سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے بدھ کو جدہ کے شاہی محل میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک سعودی عرب تعلقات، دوطرفہ اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتحال سمیت وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر زرداری کے دورے کا مقصد دوطرفہ تعلقات کوفروغ دینا اور خطے میں امن، سلامتی اور سیاسی استحکام کے امور پر مشاورتی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق صدر زرداری جب سعودی عرب کے دو روزہ اہم دورے پر بدھ کو جدہ پہنچے تو سعودی عرب کے نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ شہزادہ نائف بن عبدالعزیز السعود، گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل اور جدہ کے میئر نے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا خیر مقدم کیا۔

سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر محمد نعیم خان، قونصل جنرل عبدالسالک خان، سینئر سعودی پروٹوکول افسران اور دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب سے قبل صدر زرداری نے ایران اور افغانستان کا بھی دورہ کیا تھا۔ صدر کا دورہ سعودی عرب اس تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جارہا ہے۔

ایران اور افغانستان کے دوروں میں صدر زرداری نے ایران کے رہنما آیت اللہ خامنہ ای، صدر محمود احمدی نژاد اور افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ وزیر داخلہ رحمن ملک اور صدر کے ترجمان فرحت اللہ بابر بھی دورے میں ان کے ہمراہ ہیں ۔

XS
SM
MD
LG