رسائی کے لنکس

زمبابوے کی ٹیم پاکستان آرہی ہے، چیئرمین پی سی بی


پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان (فائل فوٹو)
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان (فائل فوٹو)

زمبابوے کی ٹیم کے دورہ پاکستان کو اس لحاظ سے خاصا اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے پاکستان میں تقریباً چھ سال کے بعد بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو گی۔

زمبابوے کی کرکٹ ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے بعد اس بارے میں گزشتہ روز سے پایا جانے والا ابہام ختم ہو گیا ہے۔

زمبابوے کی ٹیم کو آئندہ ہفتے سے یہ دورہ شروع کرنا تھا لیکن جمعرات کو زمبابوے کی طرف سے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن اس اعلان کے کچھ ہی دیر بعد یہ بیان سامنے آیا کہ اس بارے میں حتمی فیصلے کے لیے مشاورت جاری ہے۔

جمعہ کو لاہور میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بتایا کہ زمبابوے کی ٹیم طے شدہ پروگرام کے تحت پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔

"مجھے ان (زمبابوے) کے بورڈ کے صدر ولسن مناسے کا فون آیا اور انھوں نے کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم آ رہے ہیں، حکومت کی طرف سے یہ فیصلہ ہو گیا ہے، انھوں نے کلیئرنس دے دی ہے۔"

گزشتہ ہفتے ہی زمبابوے کی ایک سکیورٹی ٹیم پاکستان کا دورہ کر کے واپس گئی تھی اور اس نے پاکستان کی طرف سے کرکٹ ٹیم کے دورے کے دوران سکیورٹی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

لیکن بدھ کو کراچی اسماعیلیوں کی بس پر ہونے والے ہلاکت خیز حملے کے بعد شہریار خان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کی ٹیم نے دورہ پاکستان سے معذرت کر لی ہے۔

یہ دورہ پیر سے شروع ہو رہا ہے اور اس میں دو ٹی ٹوئنٹی اور تین ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے جائیں گے۔ یہ تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

زمبابوے کی ٹیم کے دورہ پاکستان کو اس لحاظ سے خاصا اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس سے پاکستان میں تقریباً چھ سال کے بعد بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو گی۔

مارچ 2009ء میں لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سے ٹیسٹ میچ کھیلنے کا درجہ رکھنے والی کوئی بھی بین الاقوامی ٹیم پاکستان نہیں آئی اور اسی بنا پر پاکستان کو اپنی سیریز کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کرنا پڑی۔

XS
SM
MD
LG