رسائی کے لنکس

زمبابوے میں انتخابات 'آزادانہ اور قابل اعتماد' تھے: افریقی یونین


واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات سے معلوم ہوتا ہے کہ انتخابات پرامن ماحول میں ہوئے۔

افریقی یونین نے زمبابوے میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو ’’آزادانہ اور قابل اعتماد‘‘ قرار دیا ہے۔ لیکن اس کا کہنا ہے کہ مبینہ بے ضابطگیوں کی اطلاعات کے اسے مزید تفصیلات درکار ہوں گی۔

زمبابوے میں انتخابات کے افریقی یونین مبصر مشن کے سربراہ اولوسگن اوباسانجو نے جمعہ کو کہا کہ ایسے واقعات ہوئے ہیں کہ جن سے بچا جا سکتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ بہت سے پولنگ اسٹیشنز سے ووٹرز واپس چلے گئے لیکن ان کے بقول وہ اس بات کو تسلیم نہیں کرتے کہ یہ اتنی بڑی تعداد میں نہیں ہوا کہ جو صدارتی انتخابات کے نتیجے پر اثر انداز ہوسکے۔

گو کہ بدھ کو ہونے والے انتخابات کے حتمی نتائج آنا ابھی باقی ہیں لیکن 1980 کی دہائی سے ملک کے عہدہ صدارت پر براجمان رابرٹ موگابے کی جماعت نے فتح کا دعویٰ کیا ہے۔

ان کے مدمقابل امیدوار وزیراعظم مورگن سوانگیرائی نے ایک روز قبل انتخابات کو ’’مضحکہ خیز‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ عوام کی امنگوں کی ترجمانی نہیں کرتے۔

’’ہمارے خیال میں یہ انتخاب کالعدم ہیں، یہ کسی بھی بین الاقوامی معیار کے مطابق قابل اعتماد، جائز، آزادانہ اور منصفانہ نہیں ہیں۔‘‘

واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات سے معلوم ہوتا ہے کہ انتخابات پرامن ماحول میں ہوئے۔ لیکن ترجمان میری ہارف کے مطابق یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ انتخابات شفاف بھی تھے۔
XS
SM
MD
LG