رسائی کے لنکس

نصیرالدین شاہ کی پاکستانی فلم ’زندہ بھاگ‘ ریلیز کے لئے تیار


’زندہ بھاگ‘ میں بھارت کے ورسٹائل ویٹرن ایکٹر نصیرالدین شاہ کا سب سے اہم رول ہے

پاکستان فلم انڈسٹری کے ینگ ڈائریکٹر اور پروڈیوسرز ایک نئے جوش اور ولولے کے ساتھ انڈسٹری کو اس کا سنہری دور لوٹانا چاہتے ہیں اسی لئے انہوں نے ’جوش‘ ، ’بول‘ اور اسی طرح کی دوسری فلمیں بنائیں۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھانے کے لئے ایک اور آف بیٹ فلم ’زندہ بھاگ‘ چھ ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے۔

’زندہ بھاگ‘ میں بھارت کے ورسٹائل ویٹرن ایکٹر نصیر الدین شاہ کا سب سے اہم رول ہے جبکہ ان کے علاوہ جو فنکار آپ کو اس فلم میں نظر آئیں گے ان میں آمنہ الیاس، خرم پطرس، سلمان احمد خان اور ذوہیب جیسا ینگ اور نیا ٹیلنٹ شامل ہے۔

متیلا فلمز کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نصیرالدین شاہ کا کہنا ہے کہ جب میں نے ’زندہ بھاگ‘ کا اسکرپٹ پڑھا تو مجھے لگا کہ فلم کا یہ کردار لائف ٹائم رول ہے اور یہ مجھے ضرور کرنا چاہیے۔

پاکستان میں اس فلم کو ریلیز کرنے کی ذمے داری فٹ پرنٹ ڈسٹری بیوٹرز کی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق، فلم پہلے مرحلے میں کراچی، ملتان، لاہور، فیصل آباد، گجرانوالہ اور راولپنڈی میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔

فلم کے پروڈیوسر مظہر زیدی کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی ہر گھر کی کہانی ہے اسی لئے ہم چاہتے ہیں کہ اسے زیادہ سے زیادہ لوگ دیکھیں۔ یہ غیر قانونی نقل مکانی کے اچھوتے اور اہم موضوع پر مبنی ہے۔

فلم کی موسیقی ساحر علی بگہ نے ترتیب دی ہے، جبکہ راحت فتح علی خان، ابرار الحق، عارف لوہار اور امانت علی جیسے منجھے ہوئے سنگرز نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
XS
SM
MD
LG