پی ایس ایل ٹیم کا اعلان، ڈویلیئرز کپتان

اے۔ بی۔ ڈویلیئرز۔ فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ نے 2019ء کے لئے اپنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ لاہور قلندرز کے اے بی ڈویلیئر کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے جبکہ سرفراز احمد اور رنر اپ ٹیم کے کپتان ڈیرین سیمی ٹیم میں شامل نہیں۔

ٹیم کا انتخاب سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹرز مدثر نذر، رمیز راجہ اور نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ بولر ڈینی موریسن پر مشتمل آزاد پینل نے کیا۔

ڈویلیئرز نے ایونٹ میں صرف سات میچز کھیلے تاہم انہوں نے شائقین کرکٹ کو اپنی جارحانہ بیٹنگ سے خوب محظوظ کیا۔

ڈویلیئرز نے 54 اعشاریہ 5 کی اوسط سے مجموعی طور پر 218 رنز بنائے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ 129 رہا۔

پینل کے سربراہ مدثر نذر کا کہنا ہے کہ ورلڈ کلاس ایونٹ میں بہت سے کھلاڑیوں نے میچ وننگ پرفارمنس دی اس لئے کھلاڑیوں کا انتخاب ایک مشکل ٹاسک تھا۔

مدثر نذر نے بتایا کہ بحیثیت پینل ممبرز ہم نے فیصلہ کیا کہ ایسا کمبی نیشن تشکیل دیں جو دنیا کے کسی بھی فرنچائز کو کسی بھی کنڈیشن میں شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

ڈویلیئرز کی قیادت میں 12 رکنی ٹیم کچھ اس طرح ہےـ:

پشاور زلمی کے کامران اکمل، کائرون پولارڈ، حسن علی اور وہاب ریاض؛ کراچی کنگز کے بابر اعظم، کولن انگرام اور عمر خان؛ اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف اور آصف علی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے صرف شین واٹسن۔

حیرت انگیز طور پر ایونٹ کی فاتح ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور رنر اپ ٹیم کے کپتان ڈیرین سیمی پی ایس ایل ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔