عابد علی کی حالت تشویش ناک، اہلخانہ کی دعاؤں کی اپیل

ٹیلی ویژن اور فلم کے معروف اداکار، عابد علی، جو پچھلے دو روز سے کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل ہیں، ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق، ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

وہ کئی ماہ سے جگر کے عارضے میں مبتلہ رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس وقت علالت میں کوئی افاقہ نہیں، بلکہ حالت بگڑتی جا رہی ہے۔

اہلخانہ اور ان کی بیٹیوں، راحمہ علی اور ایمان علی نے اپنے والد کے چاہنے والوں سے درخواست کی ہے کہ ان کے لیے دعا کریں۔

ایک ٹوئٹر پیغام میں، بیٹی راحمہ علی نے کہا ہے کہ ’’ڈاکٹروں نے جواب دے دیا ہے، جب کہ اللہ چاہے تو کیا کچھ نہیں ہو سکتا‘‘۔

انھوں نے کہا ہے کہ ان کی صحتیابی کے لیے، تسبیح اور سورہ رحمٰن کا ورد کیا گیا ہے۔

کئی عشروں سے بیشمار ٹیلی ویژن ڈرامہ سیرئلز اور بیسیوں فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر، وہ اپنے مداحوں سے داد وصول کرتے رہے ہیں۔

ساتھ ہی، ٹوئٹر پر ان کے چاہنے والوں نے سینئر ادارکار کی ٹیلی ویژن ڈرامہ اور فلمی صنعت کے لیے بیش بہا خدمات کو نمایاں کرتے ہوئے، انھیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

فرقان صدیقی نے ڈرامہ سیرئل ’گستاخ عشق‘ اور ’گھایل‘ کا ذکر کرتے ہوئے، تحریر کیا ہے کہ بحیثیت ایک سینئر اداکار، عابد علی ہمیشہ نئے اور ابھرتے فنکاروں کی ہمت افزائی کرتے رہے ہیں۔

ان کے ایک پرستار، ندیم زبیری نے بحیثیت ایک انسان، عابد علی کی شخصی خوبیوں کو بیان کیا ہے۔

اداکار عابد علی 1952ء میں کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ اداکاری کے میدان میں نمایاں خدمات پر انھیں ’تمغہ حسن کارکردگی‘ عطا کیا گیا تھا۔