البانیہ میں زلزلے سے تباہی، متعدد عمارتیں کھنڈرات میں تبدیل

زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب تین بجے کے بعد آیا جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلے سے کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں جب کہ سیکڑوں عمارتوں کو بھاری نقصان پہنچا۔

اب تک کی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں نو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 600 سے زائد زخمی ہیں۔

یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ عمارتوں کے ملبے میں کئی افراد پھنسے ہوئے ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

امدادی ٹیمیں فوجیوں کے ہمراہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور ملبے سے زخمیوں کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

زلزلے کے بعد کئی عمارتیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ واضح رہے کہ اس زلزلے کو البانیہ میں گزشتہ کئی دہائیوں کا شدید ترین زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔

زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ مقامی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کے بعد 5.3 شدت کے آفٹر شاکس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

زلزلے کے بعد امدادی کارروائیوں کا ایک منظر جس میں ریسکیو اہلکار ملبے میں دبے لوگوں کو تلاش کر رکے انہیں نکال رہے ہیں۔

ایک امدادی کارکن ملبے کا ڈھیر بن جانے والی عمارتوں کا جائزہ لے رہا ہے۔

زلزلے کی شدت سب سے زیادہ البانیہ کے ساحلی شہر دریس میں ریکارڈ کی گئی۔ واضح رہے کہ اس علاقے میں اکثر زلزلے آتے رہتے ہیں۔