آسٹریلیا کے وزیرِ خارجہ کا دورہٴ دہلی، بھارتیوں پر حملے کو برداشت نہ کرنے کی یقین دہانی

آسٹریلیا کے وزیرِ خارجہ سٹیون اسمتھ

آسٹریلیا کے وزیرِ خارجہ سٹیون اسمتھ اِس وقت بھارت کے دورے پر ہیں۔ اُن کا یہ دورہ آسٹریلیا میں بھارتی باشندوں پر روز افزوں حملوں سے پیدا شدہ تشویش کے تناظر میں ہو رہا ہے۔

اپنے سہ روزہ قیام کے دوران سٹیون اسمتھ وزیرِ خارجہ ایس ایم کرشنا سمیت متعدد رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے پر تبادلہٴ خیال کریں گے۔

سمجھا جاتا ہے کہ بھارتی رہنما بات چیت کے دوران بھارتیوں پر ہونے والے حملوں پر تشویش کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کے تحفظ کی یقین دہانی بھی چاہیں گے۔

نئی دہلی پہنچنے پر آسٹریلیائی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہم کسی بھی قسم کے حملے کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ اگر کسی پربھی حملہ ہوتا ہے تو اُس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

اِس سے قبل اُنھوں نے ایک بیان میں کہا کہ جنوری میں لندن میں ملاقات کے بعد اب وہ ایک بار پھر اپنے بھارتی ہم منصب سے ملاقات کرنے والے ہیں، اور دونوں آسٹریلیا میں بھارتیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ سٹیفن اسمتھ نئی دہلی میں کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیں گے۔