چیئرمین پی آئی اے مستعفی

چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل (فائل فوٹو)

اطلاعات کے مطابق اعظم سہگل نے اپنا استعفیٰ پی آئی اے کے گورننگ بورڈ کو بھجوادیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔

پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پاکستان ایئر لائنز (پی آئی اے) کے چیئرمین اعظم سہگل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ اعظم سہگل نے اپنا استعفیٰ پی آئی اے کے گورننگ بورڈ کو بھجوادیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر اپنا عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔

چیئرمین پی آئی اے کا استعفیٰ گزشتہ ہفتے چترال سے اسلام آباد آنے والی پی آئی اے کی پرواز کے حادثے کے بعد سامنے آیا ہے جس میں طیارے میں سوار تمام 47 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

حادثے کے بعد سے پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ میں پی آئی اے کے زیرِ استعمال اے ٹی آر طیاروں کی دیکھ بھال اور ان کے بلند پہاڑی علاقوں میں پرواز کے قابل ہونے سے متعلق الزامات عائد کیے جارہے ہیں جن کی چیئرمین پی آئی اے نے سختی سے تردید کی تھی۔

اس سے قبل پیر کو پاکستان میں ہوابازی کے منتظم ادارے 'سول ایوی ایشن اتھارٹی' کے حکم پر پی آئی اے نے اپنے زیرِ استعمال تمام 10 'اے ٹی آر' طیارے گراؤنڈ کردیے تھے۔

سی اے اے حکام کے مطابق اتھارٹی نے قومی ایئر لائن کے زیرِاستعمال تمام 'اے ٹی آر' طیاروں کی تفصیلی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتائج سامنے آنے تک طیارے گراؤنڈ رہیں گے۔