مسلح افراد کی فائرنگ سے پشاور جیل کے عہدیدار سمیت دو ہلاک

فائل فوٹو

موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد ظاہر شاہ سے عید ملنے کے بہانے مہمان بن کر آئے ان کے گھر میں داخل ہوئے۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبے خبیر پختونخواہ میں مسلح افراد نے ایک پولیس افسر سمیت دو افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

پولیس کے مطابق جمعرات کو پشاور کے مضافات میں واقع ہری چند گاؤں میں پیش آنے والے اس واقعے میں پشاور جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ظاہر شاہ اور ان کے بھائی ہلاک ہوئے۔

عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد ظاہر شاہ سے عید ملنے کے بہانے مہمان بن کر ان کے گھر میں داخل ہوئے۔ کچھ دیر بعد انہوں نے فائرنگ شروع کر دی جس میں ظاہر شاہ اور ان کا بھائی موقع پر ہلاک ہو گئے۔

تاحال کسی بھی فرد یا گروہ نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس سے قبل شدت پسند پولیس، سرکاری عہدیداروں اور سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو نشانہ بنا چکے ہیں۔

گزشتہ جمعہ کو طالبان عسکریت پسندوں نے پشاور کے مضافات میں واقع فضائی کیمپ پر حملہ کر کے 29 افراد کو ہلاک کر دیا تھا جب کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 13 حملہ آور بھی ہلاک ہو ئے۔

گزشتہ سال دسمبر آرمی پبلک اسکول پر ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد طالبان عسکریت پسندوں کی طرف سے یہ مہلک ترین حملہ تھا۔

پاکستانی فوج نے گزشتہ سال جون میں صوبہ خیبر پختونخواہ سے ملحق قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنے کے لیے سکیورٹی آپریشن ضرب عضب شروع کیا تھا۔

فوج کا کہنا ہے کہ اس میں اب تک تین ہزار سے زائد ملکی و غیر ملکی شدت پسندوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے اور یہ آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا۔