بھارتی اداکارہ ہیما مالنی سڑک حادثے میں زخمی

حادثے میں ان کی مرسیڈیز کار ایک اور کار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دوسری کار میں سوار ایک چار سالہ بچی ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے، جبکہ اپنی کار میں ڈرائیور کے ساتھ موجود ہیمامالنی کو بھی زخم آئے

بالی ووڈ ایکٹریس اور رکن پارلیمنٹ ہیمامالنی کار حادثے میں زخمی ہوگئیں جبکہ ایک چار سالہ بچی ہلاک اور تین دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے سے متعلق ایک سرکاری اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ حادثہ ریاست راجستھان میں پیش آیا۔

چھیاسٹھ سالہ ہیمامالنی وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جتنا پارٹی (بی جے پی) کی رکن ہیں۔ حادثے میں ان کی پیشانی پر گہرا زخم آیا ہے۔ خون کے باعث، ان کی ساڑھی اور رومال بھی لت پت ہوگیا۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

حادثے میں ان کی مرسیڈیز کار ایک اور کار سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دوسری کار میں سوار ایک چار سالہ بچی ہلاک اور تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ اپنی کار میں ڈرائیور کے ساتھ موجود ہیمامالنی کو بھی زخم آئے۔

ریاست کے ایک اہم سرکاری افسر شنکر لال شرما نے میڈیا کو حادثے میں بچی کی موت کی تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیمامالنی کو انہوں نے ہی اپنی کار میں اسپتال پہنچایا۔ ان کی پیشانی، کمر اور ٹانگوں میں چوٹ آئی ہے۔

بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے میں ہیما کے ڈرائیور کو بھی زخم آئے اور اسے بھی اسپتال منتقل کرنا پڑا۔

ہیما ریاست اتر پردیش سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئیں تھیں اور حادثے کے وقت آگرہ سے راجستھان کے دارالحکومت جے پور جارہی تھیں۔

عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، بھارت میں خوفناک سڑک حادثے معمول ہوتے جارہے ہیں جن میں سالانہ دو لاکھ افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔