عوام بدعنوانیوں کو مزید برداشت نہیں کریں گے: من موہن سنگھ

عوام بدعنوانیوں کو مزید برداشت نہیں کریں گے: من موہن سنگھ

وزیرِ اعظم من موہن سنگھ نے یہ اعتراف کرتے ہوئے کہ عوام بدعنوانیوں کو برداشت کرنے کے لیے اب اور زیادہ تیار نہیں ہیں، کہا ہے کہ اُن کی حکومت اِس برائی کے چیلنج کا پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کرنے کے عہد کی پابند ہے اور عوام بھی اِس کے خلاف فوری اور سخت کارروائی چاہتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نئی دہلی میں ’سول سروسز ڈے‘ کے موقع پر سینئر افسران کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اُنھوں نے کہا کہ عوام میں یہ خیال پایا جاتا ہے کہ ہمارا نظام اور ہمارے قوانین بدعنوانیوں سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے اہل نہیں ہیں۔

وزیرِ اعظم نے امید ظاہر کی ہے کہ بد عنوانیوں پر قابو پانے کےلیےمونسون اجلاس میں ’لوک پال‘ بِل پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ معروف سماجی کارکن انا ہزارے کے مرن بھرت اور سول سوسائٹی کی جانب سے پُرزور احتجاج کے بعد حکومت اور عوام کی طرف سے پانچ پانچ ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اِس بِل کا مسودہ تیار کرنے میں مصروف ہے۔

اِس بِٕل کے دائرے میں تمام وزرا اور وزیرِ اعظم تک بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔