بھارت کا 61واں یومِ جمہوریہ: عسکری قوت اور ثقافتی رنگا رنگی کا مظاہرہ

نئی دہلی میں بھارت کے یومِ جمہوریہ کے موقعے پر ایک دستہ مارچ کر رہا ہے

منگل کے روز بھارت کے 61ویں یومِ جمہوریہ کی تقریبات روایتی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئیں۔

اصل خصوصی تقریبات نئی دہلی میں انڈیا گیٹ پر منعقد ہوئیں جہاں فوجی پریڈ ہوئی اور ثقافتی رنگا رنگی کا مظاہرہ کرنے والے فلوٹس نکالے گئے۔

صدر جمہوریہ پرتیبھا دیوی پاٹل نے پریڈ کی سلامی لی جب کہ جنوبی کوریا کے صدر لی میونگ باگ تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

فوجی پریڈ کے دوران جِن ہتھیاروں کا مظاہرہ کیا گیا اُن میں اَرجُن ٹینک، ایمرشن ملٹیپل لائچ راکٹ نظام، آرمرڈ انجنیئر ریکی وہیکل، سروتر برج، اگنی تھری میزائل، آئی سی وی کمیونی کیشن وہیکل، سمجوک الیکٹرانک، وار فیئر سسٹم اور ایمبولنس ٹرک قابلِ ذکر ہیں۔

پریڈ میں فوج کے علاوہ بحریہ، فضائیہ، بارڈر سکیورٹی فورس، آسام رائفلز، کوسٹ گارڈز اور دیگر مسلح دستوں نے شرکت کی۔

اِس موقعے پر مختلف ریاستوں کی تہذیبی جھلک کا مظاہرہ کرنے کے لیے 21فلوٹس نکالے گئے۔ پریڈ میں بڑی تعداد میں اسکول کے بچوں نے بھی حصہ لیا۔

موقع کے مناسبت سے دہلی پولیس نے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کیے تھے اور پریڈ کے راستے پر چپے چپے پر سکیورٹی جوان تعینات تھے، جب کہ انڈیا گیٹ کے علاقے کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔

پریڈ سے قبل وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے انڈیا گیٹ پر واقع فوجیوں کی یادگار پر گل ہائے عقیدت پیش کیے اور صدرِ جمہوریہ نے متعدد فوجی جوانوں کو اُن کی شجاعت کے اعتراف میں بہادری کے ایوارڈ سے نوازا۔