بھارت فلسطین کو ایک کروڑ ڈالر کی امداد دے گا

بھارت فلسطین کو ایک کروڑ ڈالر کی امداد دے گا

بھارت نے فلسطین کے لیے ایک کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے اور یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ وہ فلسطین کی اقتصادی اور معاشرتی ترقی کے سلسلے میں صدر محمود عباس کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ یقین دہانی بھارت کے دورے پر آئے ہوئےفلسطین کے صدر محمود عباس سے ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نے کرائی ہے۔

محمود عباس نے، جو دو روزہ دورے پر دہلی آئے ہوئے ہیں، جمعرات کی شب من موہن سنگھ سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے بات چیت کے دوران عرب امن منصوبے کے لیے بھارت کی حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔اُنھوں نے مغربی ایشیائی تنازعے کے مستقل، جامع اور انصاف پر مبنی حل کے لیے ٹھوس کارروائی کی اپیل کی۔

من موہن سنگھ نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق فلسطینی موقف کے لیے بھارت کے عہد کا اعادہ کیا، جس میں مذاکرات کے ذریعے ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی مملکت کے قیام کی بات کہی گئی ہے۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے وزیرِ اعظم سے تبادلہٴ خیال کے دوران مغربی ایشیا میں امن کے عمل کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت سے اُنھیں آگاہ کیا ہے اور فلسطین کے لیے بھارت کی سیاسی حمایت اور مالی امداد کا شکریہ بھی ادا کیا۔