مزید 16 مظاہرین پر مقدمے جاری ہیں: ایرانی ذرائع ابلاغ

دو عورتوں سمیت ایسے 16 افراد کے خلاف عدالت کارروائى جاری ہے، جن پر دسمبر کے آخر میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شریک ہونے کے الزامات ہیں: ایرانی حکومت

ایران احتجاجی مظاہرے کرنے پر حزبِ اختلاف کے مزید لوگوں پر مقدمے چلا رہا ہے اور پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ نئے مظاہروں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

ایران کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ دو عورتوں سمیت ایسے 16 افراد کے خلاف عدالت کارروائى جاری ہے، جن پر دسمبر کے آخر میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شریک ہونے کے الزامات ہیں۔

پانچ مدعا علیہم پر ” خدا کا دُشمن“ ہونے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں اور یہ وہ جُرم ہے ، جس پر ایران میں موت کی سزا مقرر ہے۔

یہ مقدمے ایسے وقت میں چلائے جارہے ہیں ، جب ایران ملک کے اسلامی انقلاب کی 31 ویں سالگرہ منانے کی تیاری کررہا ہے۔

اس سلسلے میں 11 فروری کو متعدد تقریبات کے منصوبے بنائے گئے ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے بریگیڈئیر جنرک حسین ہمدانی نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ اختلافِ رائے کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور انہوں نے احتجاجی مظاہرین کو خبردار کیا ہے کہ اُن کے ساتھ غیر ملکی جاسوسوں جیسا سلوک کیا جائے گا۔

ان دھمکیوں کے باوجود حزبِ اختلاف کے لیڈروں میر حسین موسوی اور مہدی کرًومی نے اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ وہ سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں۔