مصری قیدیوں کے بدلے میں اسرائیلی نژاد امریکی کی رہائی

الان گراپل (فائل فوٹو)

مصر میں جاسوسی کے الزام میں زیر حراست اسرائیلی نژاد امریکی شہری کو جمعرات کے روز رہا کیا جا رہا ہے۔ یہ رہائی اسرائیل کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے ایک معاہدے کے تحت عمل میں آ رہی ہے۔

مصر کے حکام الان گراپِل کو 25 مصری قیدیوں کے بدلے اسرائیل کے حوالے کر رہے ہیں۔ ان قیدیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

بظاہر گراپِل رواں سال جنوری میں مصر میں داخل ہوا تھا اور جون میں مصری حکام نے اس پر اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کا ایجنٹ ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ حکام کا کہنا تھا کہ گراپل حکومت مخالف مظاہروں کو بڑھکانے اور جاسوسی کرنے میں ملوث تھا۔ ان مظاہروں کے نتیجے میں سابق صدر حسنی مبارک کو مستعفی ہونا پڑا تھا۔

اسرائیل نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ گراپل کا اسرائیل یا امریکہ کی خفیہ ایجنسیوں سے کوئی تعلق نہیں۔

اخباری اطلاعات کے مطابق گراپل رہائی کے بعد امریکہ واپس چلا جائے گا۔