جاپان کا ’ایئر بس‘ سے طیارے خریدنے کا معاہدہ

جاپان ائیر لائنز (جے اے ایل) نے کہا ہے کہ اس نے ایک بڑی طیارہ ساز کمپنی ائیر بس سے 31 طیارے خریدنے کے لیے ساڑھے نو ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
جاپان کی فضائی کمپنی نے کہا ہے کہ اُس نے ایک بڑی طیارہ ساز کمپنی ’ائیر بس‘ سے اے 350 ساختہ 31 طیارے خریدے گی۔

پیر کو جاپان ائیر لائنز (جے اے ایل) نے کہا کہ اس نے 31 طیارے خریدنے کے لیے ساڑھے نو ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جب کہ اس معاہدے کے تحت مزید 25 جہاز بھی خریدنے کی گنجائش موجود ہے۔

ائیر بس کمپنی جہازوں کی فراہمی کا یہ ٹھیکا حاصل کر کے امریکہ کی کمپنی ’بوئنگ‘ کے مقابلے میں آ کھڑی ہوئی ہے۔

جے اے ایل نے پہلی مرتبہ ’ائیر بس‘ کمپنی سے جہاز خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ نئے جہاز 2019ء میں جاپانی بیڑے میں شامل ہوں گے جو پہلے سے فضائی کمپنی کے زیر استعمال بوئنگ طیاروں کی جگہ لیں گے۔

جہازوں کی فراہمی کی صنعت سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے بوئنگ 787 کے نئے طیاروں کی فراہمی میں تاخیر اور جنوری میں اسی فضائی کمپنی کے جہازوں کی بیٹریوں کی ناکامی نے بوئنگ کمپنی طرف سے طیاروں کی بروقت فراہمی سے متعلق شکوک و شبہات پیدا ہو گئے تھے۔