جے یو آئی کا آزادی مارچ کراچی سے روانہ

اتوار کو آزادی مارچ کا آغاز کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سے ہوا۔

مارچ میں شرکت کے لیے جے یو آئی (ف) اور حزبِ اختلاف کی دیگر جماعتوں کے کارکن قافلوں کی صورت میں سہراب گوٹھ پہنچے۔

مارچ کے آغاز سے قبل سہراب گوٹھ میں جلسہ بھی ہوا جس سے مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر جماعتوں کے قائدین نے خطاب کیا۔

جلسے میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ (ن)، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علماء پاکستان کے کارکن بھی شریک ہوئے جنہوں نے ہاتھوں میں اپنی جماعتوں کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔

جلسے کے بعد مارچ کے شرکا براستہ موٹروے حیدرآباد روانہ ہوگئے جہاں سے وہ نیشنل ہائی وے کے ذریعے آج رات سکھر پہنچیں گے۔

آزادی مارچ کے لیے جے یو آئی کے کارکنوں نے خصوصی کنٹینر بھی تیار کیا ہے جس کے ذریعے قائدین راستے میں پڑنے والے مختلف شہروں میں مارچ کے شرکا سے خطاب کریں گے۔

آزادی مارچ 31 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچے گا جہاں جے یو آئی (ف) نے دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔