بھارتی بولرز کی شاندار بولنگ کے باوجود کولکتا ٹیسٹ ڈرا

میچ کا فیصلہ بھارت کے حق میں یقینی نظر آرہا تھا کہ خراب روشنی کی وجہ سے ڈرامائی انداز میں ٹیسٹ کا اختتام ہوا اور سری لنکن ٹیم شکست سے بچ گئی۔

کولکتا ٹیسٹ میں بھارتی بولرز کی روایتی سیم اور سوئنگ بولنگ کے باوجود میچ کا فیصلہ بھارت کے حق میں نہ ہوسکا اور خراب روشنی کے باعث ٹیسٹ بے نتیجہ ختم کرنا پڑا۔

ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز بھارت نے سری لنکا کو جیت کے لئے 231 رنز ہدف دیا تھا۔ بھارتی فاسٹ بولرز بھونیشور کمار، محمد شامی اور امیش یادیو نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے مہمان ٹیم کے 7 کھلاڑیوں کو صرف 75 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

میچ کا فیصلہ بھارت کے حق میں یقینی نظر آرہا تھا کہ خراب روشنی کی وجہ سے ڈرامائی انداز میں ٹیسٹ کا اختتام ہوا اور سری لنکن ٹیم شکست سے بچ گئی۔

کولکتا ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھارتی ٹیم 172 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جو سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں اس کا دوسرا کم ترین اسکور ہے۔سب سے کم اسکور 167 رنز ہے جو 2005ء میں چنئی ٹیسٹ میں بنایا گیا تھا۔

جواب میں مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں عمدہ کھیل پیش کیا اور 294 رنز بنائے۔ لیفٹ آرم اسپنر رنگانا ہیراتھ 67، میتھیوز 52 اور تھریمانے 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پہلی اننگز میں 122 رنز خسارے میں جانے کے بعد بھارتی اوپنرز نے دوسری اننگز میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور لوکیش راہول اور شیکھر دھون نے 166 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ راہول 79 اور دھون 94 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

سن 2010ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب بھارتی اوپنرز نے کسی بھی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں سنچری پارٹنرشپ بنائی ہے۔

اوپنر ز کے بعد کپتان ویراٹ کوہلی کے ناقابل شکست 104 رنز نے میچ میں بھارت کی پوزیشن مزید مستحکم کردی اور 352 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی۔

ٹیسٹ میچوں میں کوہلی کی یہ 18 ویں جبکہ بین الاقوامی میچوں میں 50 ویں سنچری ہے۔ کوہلی نے کم ترین 348 میچ کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا۔

اس سےقبل جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے بھی اتنے ہی میچز کھیل کر 50 بین الاقوامی سنچریاں اسکور کی تھیں۔

سری لنکا کو میچ جیتے کے لئے 230 رنز کا ہدف ملاتاہم ہدف کے تعاقب میںمہمان ٹیم کی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا اور پہلے ہی اوورسمارا وکرما بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ کوئی بھی بیٹسمین بھارتی بولرز کے سامنے مزاحمت پیش نہ کر سکا اور 75 رنز پر7 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پر خراب روشنی کے باعث مزید کھیل ممکن نہ ہو سکا اور ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم کردیا گیا۔

بھونیشور کمار کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر 8 جبکہ دوسری اننگز میں صرف 8 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 24نومبر سے ناگپور میں کھیلا جائے گا۔