شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں 7 شدت پسند ہلاک

شمالی وزیرستان: ڈرون حملے میں 7 شدت پسند ہلاک

حالیہ مہینوں کے دوران اس علاقے میں امریکی ڈرون حملوں میں خاصہ اضافہ ہوا ہے اور صرف ماہِ ستمبر میں یہاں کم از کم تیئیس میزائل حملے کیے گئے جس میں درجنوں شدت پسند ہلاک ہوئے۔

افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں اتوار کے روز ایک مبینہ امریکی میزائل حملے میں کم از کم سات مشتبہ شدت پسند ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔

مقامی انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ بغیر پائلٹ کے جاسوس طیاروں یا’ڈرونز‘ نے شمالی وزیرستان کے دوسرے بڑے شہر میر علی میں عسکریت پسندوں کے زیر استعمال ایک گھر کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ۔

حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی شناخت کے حوالے سے فوری طور پر کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

امریکہ اور دیگر اتحادیوں کا ماننا ہے کہ شمالی وزیر ستان میں افغان طالبان کے حقانی نیٹ ورک کے ٹھکانے موجود ہیں جن کو افغانستان میں تعینات بین الاقوامی سکیورٹی فورسز پر مہلک حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

حالیہ مہینوں کے دوران اس علاقے میں امریکی ڈرون حملوں میں خاصہ اضافہ ہوا ہے اور صرف ماہِ ستمبر میں یہاں کم از کم تیئیس میزائل حملے کیے گئے جس میں درجنوں شدت پسند ہلاک ہوئے۔