بلوچستان کے عوام ملک دشمن عناصر کو مسترد کر رہے ہیں: جنرل راحیل

فائل فوٹو

کوئٹہ چھاﺅنی میں تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ صوبے کے عوام کے تعاون سے بلوچستان نا صرف امن کا گہوارہ بنے گا بلکہ اس کی ترقی بھی ممکن ہو گی۔

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام ملک دشمن عناصر کو مسترد کر رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب عوام کی یکجہتی کی بدولت نفرت اور دہشت پھیلانے والے یہ مٹھی بھر لوگ اپنے انجام تک پہنچیں گے۔

منگل کو کوئٹہ چھاﺅنی میں تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کی پاسنگ آﺅٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ صوبے کے عوام کے تعاون سے بلوچستان نا صرف امن کا گہوارہ بنے گا بلکہ اس کی ترقی بھی ممکن ہو گی۔

’’پاکستان کا مستقبل بلوچستان کی تر قی سے وابستہ ہے اور مجھے انتہائی خوشی ہے کہ بلوچستان کے عوام اس حقیقت کو جانتے ہو ئے تمام ملک دشمن عناصر کو مسترد کر رہے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب آپ کی حب الوطنی اور یکجہتی کی بدولت نفرت اور دہشت کو استعمال کرنے والے لوگ اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے۔‘‘

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستانی فوج قومی یکجہتی کی علامت ہے، اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ہزاروں بلوچ نوجوانوں کو فوج میں بھرتی کیا گیا ہے اور ہہ عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔

فوج کے سربراہ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ بلوچستان کے جوان بھی ملکی دفاع میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں گے۔

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ترقی میں تعلیم کا کردار کلیدی ہوتا ہے اس لیے فوج بلوچستان میں تعلیم کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوئی ایجوکیشن سٹی سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں 38 ہزار طالب علم تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

فوج صوبے میں ترقیاتی کاموں میں ابھی کردار ادا کر رہی ہے اب تک بلوچستان کے 700 کلومیٹر طویل شاہراہوں کی تعمیر کر چکی ہے جب کہ 500کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر پر کام جاری ہے۔