اے آر وائی کے چیف ایگزیکٹو اور میزبان کے وارنٹ گرفتاری

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پروگرام " کھرا سچ" کے میزبان مبشر لقمان نے عدلیہ کی تضحیک پر مبنی پروگرام کیے اور پھر عدالت کی طرف سے طلب کرنے پر پیش بھی نہیں ہوئے۔

پاکستان کی ایک عدالت نے ایک نجی ٹی وی چینل "اے آر وائی" کے چیف ایگزیکٹو اور پروگرام کے ایک میزبان مبشر لقمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈسٹرکٹ بار کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران ان دونوں کی عدالت میں عدم پیشی کی بنا پر جاری کیے۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پروگرام " کھرا سچ" کے میزبان مبشر لقمان نے عدلیہ کی تضحیک پر مبنی پروگرام کیے اور پھر عدالت کی طرف سے طلب کرنے پر پیش بھی نہیں ہوئے۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات اور پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قائم مقام سربراہ بھی عدالت میں موجود تھے جنہوں نے عدلیہ کی مبینہ تضحیک والے پروگرام کی ریکارڈڈ سی ڈی بھی پیش کی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ ماہ ہی مبشر لقمان پر کسی بھی ٹی وی چینل پر پروگرام پیش کرنے پر پابندی عائد کی تھی لیکن بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے عدالت عالیہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

اے آر وائی نیوز کے اسلام آباد میں بیورو چیف صابر شاکر نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ یہ عدالت نے ان دونوں کو پیش ہونے کا حکم دیا۔

"یہ شہدا فاؤنڈیشن والا مقدمہ تھا جس میں عدالت نے مبشتر لقمان پر پابندی لگادی تھی اور سپریم کورٹ نے وہ آرڈر معطل کر دیا تھا۔ اس دوران عدالت نے توہین عدالت کا نوٹس بھی جاری کیا تھا، مبشر لقمان اور سی ای او کو عدالت آنے کا بھی کہا تھا، ہمیں تو اس کا علم بھی نہیں۔"

اسلام آباد ہائی کورٹ میں اس مقدمے کی آئندہ سماعت اگست کے پہلے ہفتے میں ہو گی۔