کراچی بم دھماکے میں 11 ہلاک

فائل فوٹو

حکام کے مطابق بم حملے کا نشانہ صوبائی وزیر جاوید ناگوری تھے جو لیاری میں ہونے والے ایک فٹ بال میچ میں مہمان خصوصی تھے۔
پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی کے علاقے لیاری میں بدھ کو طلوع آفتاب سے قبل ایک فٹبال گراؤنڈ میں میچ کے اختتام پر بم دھماکے میں کم از کم 11 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔

صوبائی وزیر جاوید ناگوری اس فٹبال میچ کے مہمان خصوصی تھے اور تقسیم انعامات کے بعد جب وہ وہاں سے روانہ ہو رہے تھے تو اُن کی گاڑی کے قریب دھماکا ہو گیا۔

حکام کے مطابق بظاہر اس بم دھماکے کا ہدف جاوید ناگوری ہی تھے تاہم وہ اس حملے میں محفوظ رہے۔

اس سے قبل منگل کو رات دیر گئے کراچی کے دو مختلف علاقوں میں شراب کی بند دکانوں کے باہر ایک گھنٹے کے مختصر وقفے میں چار دھماکے ہوئے۔ تاہم ان سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

تین دھماکے ڈیفنس کے علاقوں خیابان راحت، خیابان مسلم اور سی ویو میں جب کہ ایک دھماکا گلشن اقبال میں موتی محل کے قریب ہوا۔