سندھ اور پنجاب میں ٹریفک حادثات، 12 ہلاک

صوبہ سندھ ایک مسافر بس اُلٹنے سے کم از کم 12 افراد ہلاک جب کہ مری میں اسکول وین کھائی میں گرنے سے 15 طالبات زخمی ہوئیں۔
پاکستان کے صوبہ سندھ اور پنجاب میں پیر کو ٹریفک کے دو حادثات میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں انڈس ہائی وے پر ایک مسافر بس اُلٹنے سے کم از کم 12 افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوئے۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ شدید زخمی افراد کو علاج کے لیے کراچی بھیج روانہ کر دیا گیا تھا۔

اُدھر اسلام آباد کے قریب سیاحتی پہاڑی علاقے مری میں پیر کی صبح ایک اسکول وین موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں گر گئی جس سے اس میں سوار 15 طالبات زخمی ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق یہ حادثہ نیو مری کے علاقے چار ہان میں پیش آیا۔

زخمیوں کو مری کے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں تین طالبات کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔