'افغانستان و بھارت کے ساتھ کھیلوں کی سفارت کاری ضروری'

رحمان بنیری

پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑیوں جہانگیر خان، شاہد خان آفریدی، یونس خان اور گلوکار رحیم شاہ نے کہا ہے کہ وہ بھارت اور افغانستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری اور امن کی خاطر، نئی حکومت کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہیں۔

ہفتے کے روز 'وائس آف امریکہ' کے ساتھ ایک خصوصی نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ ''موجودہ زمانہ لڑائی کا نہیں کھیلوں کا ہے''۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، یونس خان نے کہا کہ ''میرا افغان کھلاڑیوں سے رابطہ ہے۔ میں افغان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلوں گا''۔

یونس خان نے کہا کہ ''وزیر اعظم عمران خان کو چاہیئے کہ ہمارے تعلقات سے فائدہ اٹھائے''۔

مایہ ناز کرکٹ کھلاڑی، 'بوم بوم' شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ''سدھو نے تو یہ بات اب کی ہے۔ میں تو ایک عرصے سے یہی بات کر رہا ہوں کہ کرکٹ ایسا کھیل ہے جو بھارت و پاکستان کو قریب لانے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے''۔

اسکواش کی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑی اور پاکستان کا نام روشن کرنے والے یکتا شخص، جہانگیر خان نے کہا ہے کہ ''سیاست میں جو کچھ ہوتا رہتا ہے، اس کا اثر کھیلوں پر نہیں پڑنا چاہیئے۔ کسی صورت میں بھی، کھیلوں کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہیئے''۔

Jehangir Khan, Shahid Khan Afridi, Younas Khan, Rahim Shah and Rahman Bunairee

جہانگیر خان نے کہا کہ ''عمران خان کو باقی کھیلوں کے علاوہ اسکواش کی ترقی کے لیے بھی ٹھوس کام کرنا چاہیئے، جس شعبے میں، ہاکی اور کرکٹ کی طرح، پاکستان نے عشرے سے زیادہ عرصے تک دنیا کی مثالی حکمرانی کی''۔

نامور پاپ گلوکار، رحیم شاہ نے کہا ہے کہ ''میں پہلے بھی افغانستان اور پاکستان کے لوگوں کو آپس میں ملانے اور امن کے نصب العین کے لیے گا رہا ہوں؛ اور آئندہ بھی گاتا رہوں گا''۔

رحیم شاہ نے رواں پروگرام میں اپنے البم 'یارانہ' سے پشتو کا اپنا مشہور گیت سنا کر قابل دید داد وصول کی۔