سلمان خان کو ایک رات اور جیل میں گزارنا ہو گی

سلمان خان، فائل فوٹو

نایاب سیاہ ہرن کے شکار کے تقریباً 20 سال پرانے مقدمے میں 5سال کی قید کی سزا پانے والے بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ ہفتہ تک کے لیے محفوظ کر لیا گیا۔

جودھپور کی سيشن عدالت نے جمعہ کے روز ضمانت کی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی۔

درخواست ضمانت پر حتمی فیصلہ نہ ہونے کے باعث بالی ووڈ اداکار کو ایک اور رات جیل میں جنسی زیادتی کے ملزم آسا رام باپو کے پڑوسی قیدی کے طور پر گذارنا ہو گی۔

جمعرات اور جمعہ کی شب بھی انہوں نے آسا رام کے پڑوسی قیدی کے طور پر گزاری تھی۔ دونوں کو ایک ہی بیرک میں رکھا گیا ہے۔

سلمان نے جیل کی دال روٹی کھانے سے انکار کر دیا تھا البتہ ایک آشرم سے آسا رام کے لیے آنے والے کھانے میں شرکت کی تھی۔

اگر ہفتہ کو بھی کسی عذر کے باعث سلمان خان ضمانت حاصل کرنے میں ناکام رہے تو انہیں مزید دو راتیں جیل میں گذارنا پڑ سکتی ہیں کیونکہ اتوار کو تعطيل رہے گی اور آئندہ سماعت پیر کو ہی ممکن ہو سکے گی۔