رسائی کے لنکس

ہرن شکار کیس: سلمان خان کو پانچ سال قید کی سزا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بھارت کی ایک عدالت نے بالی وڈ ایکٹر سلمان خان کو نایاب کالے ہرن کا شکار کرنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں پانچ سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔

عدالت نے مقدمے میں نامزد چار دیگر ملزمان اور بالی فن کاروں سیف علی خان، سونالی باندرے، تبو اور نیلم کو الزام ثابت نہ ہونے پر بری کردیا ہے۔

سلمان خان کے خلاف فیصلہ ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور کی عدالت نے جمعرات کی صبح سنایا۔

سزا سنائے جانے کے بعد سلمان خان کو احاطۂ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سلمان خان کو جودھ پور کی جیل میں قید کاٹنا ہوگی۔

سلمان خان کے خلاف یہ مقدمہ گزشتہ 20 سال زیرِ سماعت تھا۔ گزشتہ ہفتے جودھ پور کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ دیو کمار کھتری کی عدالت نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور اسے سنانے کے لیے 5 اپریل کی تاریخ مقرر کی تھی۔

سلمان خان پر 20 سال قبل راجستھان کے علاقے جودھ پور میں دو نایاب کالے ہرن شکار کرنے کا الزام تھا جس پر ان کے خلاف دائر یہ مقدمہ 1998ء سے زیرِ سماعت تھا۔

واقعے کے وقت سلمان خان فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کی غرض سے جودھ پور میں مقیم تھے اور ان پر الزام تھا کہ وہ اپنی گاڑی میں ساتھی فنکاروں سیف علی خان، نیلم، سونالی باندرے اور تبو کو لے کر شکار پر نکلے تھے۔

سلمان خان کے خلاف مقدمہ وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت درج کیا گیا تھا جب کہ ان کے خلاف غیر قانونی شکار اور اسلحہ ایکٹ کے تحت تین دیگر مقدمات بھی درج کیے گئے تھے جن میں سے ایک میں انہیں پانچ برس کی سزا ہوئی تھی۔

تاہم راجستھان کی ہائی کورٹ نے بعد ازاں یہ سزا معطل کردی تھی۔

XS
SM
MD
LG