رسائی کے لنکس

سلمان خان بالآخر  جیل چلے گئے


سلمان خان ریاست راجھستان کے شہر جودھ پور عدالت میں پیش ہونے کے لیے آ رہے ہیں۔ 5 اپریل 2018
سلمان خان ریاست راجھستان کے شہر جودھ پور عدالت میں پیش ہونے کے لیے آ رہے ہیں۔ 5 اپریل 2018

بالی ووڈ سوپر سٹار سلمان خان بالآخر جیل چلے گئے۔ اُن پر الزام یہ تھا کہ اب سے تقریباً 20 برس قبل جب وہ راجستھان میں فلم ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے، وہ ایک روز کے لئے اپنے ساتھ اداکاروں سیف علی خان، ٹبو، سونالی بندرے اور نیلم کے ہمراہ جودھ پور میں نایاب نسل کے کالے ہرن کے شکار پر چلے گئے تھے اور ایک ہرن کر مار بھی گرایا تھا۔

عدالت میں اُن کے تمام ساتھی فنکاروں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا گیا۔ تاہم سلمان خان کو فورنزک رپورٹ کی بنیاد پر مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قید اور دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

سلمان خان صحت جرم سے انکار کرتے ہیں اور اُن کا کہنا ہے کہ فورنزک رپورٹ میں جس کالے ہرن کی ہلاکت کا کہا گیا ہے، وہ در اصل طبعی موت مرا تھا اور اُنہوں نے اسے نہیں مارا تھا۔

سلمان خان حالیہ برسوں میں معروف بالی ووڈ اداکار سنجے خان کے بعد دوسرے اداکار ہیں جنہیں جیل کی ہوا کھانی پڑی ہے۔

اُنہیں جودھ پور کی سینٹرل جیل کی ایک کوٹھری میں رکھا گیا ہے جہاں سیکورٹی انتہائی سخت ہے۔ اُن کے برابر کی کوٹھری میں مشہور مجرم آسارام قید ہے جس پر نوجوان لڑکیوں کی آبروریزی کا جرم ہے۔

52 سالہ سلمان خان اپنی کوٹھری میں اکیلے رہیں گے۔ جیل کے حکام کا کہنا ہے کہ اُن سے عام قیدیوں جیسا سلوک کیا جائے گا اور وہ جیل کے اصول و ضوابط کے پابند ہوں گے۔ لہذا وہ زمین پر سوئیں گے اور 40 ڈگری کی شدید گرمی کے دوران چھت کے پنکھے سے گزارا کریں گے۔

جیل کے حکام کا کہنا ہے کہ قیدیوں کو صبح 9 اور 10بجے کے دوران ناشتہ اور چائے فراہم کی جاتی ہے جسے قیدی اپنی بیرک یا کوٹھری میں ہی پیتے ہیں۔ اُنہیں 11 سے 3 بجے تک اپنے اپنے وارڈ میں لاک رکھا جاتا ہے اور پھر 3 بجے سے 7 بجے تک اُنہیں چلنے پھرنے کی آزادی ہوتی ہے۔ اس کے بعد اُنہیں اُن کی کوٹھریوں میں ہی رات کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ سلمان خان کے وکیل صبح سیشن جج کی عدالت میں ضمانت پر رہائی کے لیے اپیل داخل کر رہے ہیں جس کی سماعت جمعہ کے روز ہو گی۔ اس بات کی قوی اُمید ہے کہ اُن کی بیل منظور ہو جائے گی۔ تاہم اُنہیں ایک رات جیل میں ہی بسر کرنی پڑے گی۔

سلمان خان کو جیل کی سزا کی خبر ملتے ہی بالی ووڈ انڈسٹری میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ فلم ڈائریکٹر سبھاش گھئی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے کہا کہ اُنہیں اس خبر سے شدید حیرت ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سلمان خان اعلیٰ عدالت میں اپیل کر رہے ہیں اور اُنہیں یقیناً انصاف ملے گا۔

اس کیس مین بری ہونے والی اداکارہ نیلم کے شوہر اور فلم ڈائرکٹر اور ایکٹر سمیر سونی نے کہا کہ اگرچہ وہ اپنی اہلیہ کے بری ہونے پر خوش ہیں۔ تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ سلمان خان کو سوپر سٹار ہونے کی بنا پر نشانہ بنایا گیا ہے۔

پارلیمنٹیرین اور اداکارہ جیا بچن نے کہا ہے کہ اُنہیں یہ خبر سن کر بہت برا لگا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سلمان ایک اچھے انسان ہیں اور اُنہوں نے انسانی بھلائی کے لئے بہت کام کیا ہے اور وہ یقیناً اس قدر سزا کے مستحق نہیں تھے۔

فلمساز انیل شرما نے کہا کہ یہ خبر انتہائی پریشان کن ہے اور اُنہیں اُمید ہے کہ سلمان خان کو جلد ضمانت مل جائے گی۔ اداکار انوپم کھیر نے محتاط رد عمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ عدالت کا ہے۔ اس لئے اس کا احترام کیا جانا چاہئیے۔

سلمان خان موجودہ دور کے مشہور ترین بالی اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اُن کی فلمیں ساجن، انداز اپنا اپنا، ہم آپ کے ہیں کون، کرن ارجن، دیوانہ مستانہ، بندھن، بیوی نمبر ون، ہم دل دے چکے صنم، ہم ساتھ ساتھ ہیں، ہم تمہارے ہیں صنم، دبنگ، ایک تھا ٹائیگر، بجرنگی بھائیجان اور ٹائیگر زندہ ہے سوپر ہٹ فلمیں ثابت ہوئیں۔

XS
SM
MD
LG