شام، عراق میں داعش کے خلاف امریکی فضائی کارروائی جاری

سعودی پائلٹ

’سی این این‘ نے ترکی کی سرحد سے براہِ راست کوریج کیا، جس میں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کو کوبانی کے قریب ایک پہاڑی پر سے آزادانہ طور پر آتے جاتے دکھایا گیا، جب کہ بظاہر وہ کرد مسلح افراد پر فائرنگ کرتے رہے

امریکی لڑاکا طیاروں، ڈرونز اور دیگر جہازوں نے جمعے کے روز عراق اور شام میں داعش کے اہداف پر کارروائیاں جاری رکھیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے بتایا ہے کہ شام کے صوبہٴدیر الزعور میں دولت اسلامیہ کے چار ٹینکوں کو تباہ کیا گیا۔

شام کی لڑائی پر نگاہ رکھنے والے ایک گروپ نےجمعے کے روز بتایا کہ گذشتہ رات دیر الزعور پر کی جانے والی فضائی کارروائیون کا ہدف بظاہر تیل کی تنصیبات تھیں۔ ’سیریئن آبزرویٹری فور ہیومن رائٹس‘ نے بتایا ہے کہ داعش کمان کے مرکز پر بھی حملہ کیا گیا۔

سماجی میڈیا پر شائع ہونے والی ایک وڈیو میں بتایا گیا ہے کہ شمالی شام میں کُرد لڑاکوں نے کوبانی کے قصبے کے قریب دولت اسلامیہ کے اہداف پر حملے کیے، جن پر قبضے کےحصول کے لیے دونوں فریق کئی دِنوں سے لڑائی جاری رکھے ہوئے تھے۔

امریکی ٹیلی ویژن نیوز نیٹ ورک، ’سی این این‘ نے ترکی کی سرحد سے براہِ راست کوریج کیا، جس میں دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کو کوبانی کے قریب ایک پہاڑی پر سے آزادانہ طور پر آتے جاتے دکھایا گیا، جب کہ بظاہر وہ کرد مسلح افراد پر فائرنگ کرتے رہے۔

وقفے وقفے سے توپ خانے سے جاری گولہ باری کی آوازوں پر لوگوں کی طرف سے خوشی کا اظہار کیا جاتا رہا۔

عراق میں، سینٹکام نے بتایا ہے کہ کی گئی سات کارروائیوں کے دوران، کئی بکتربند گاڑیوں کو ہدف بنایا گیا، جن میں سے تین ’ہمویز‘ اور آتشیں ہتھیاروں سے محفوظ رہنے کی صلاحیت رکھنے والی گاڑیاں شامل تھیٕں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بغداد کے مغرب میں، القائم کے مضافات میں، اور کرکوک کے قریب ہونے والے حملوں میں کئی دیگر گاڑیاں اور چوکیاں تباہ ہوئیں۔

ڈینمارک کے وزیر اعظم، ہیلے تھورنگ شمت نے جمعے کے روز اعلان کیا کہ داعش پرکارروائی کے لیے اُن کا ملک امریکی قیادت والے اتحاد میں شرکت کرے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ ڈینمارک عراق میں فضائی حملوں کے لیے، سات ایف 16 طیارے فراہم کرے گا۔

بتایا گیا ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ برطانیہ بہت جلد عراق میں جاری فضائی کارروائی میں شرکت کا اعلان کرے گا۔ متوقع طور پر جمعے کو پارلیمان میں اس معاملے پر ووٹنگ ہوگی، جس میں جنگی کارروائیوں میں شریک ہونے کے حق میں ووٹ دیے جانے کا امکان ہے۔