امریکی حکومت اور چھ ایئر لائنز کا 25 ارب ڈالر پیکج پر اتفاق

امریکن ایئرلائنز کے مسافر طیارے (فائل)

امریکی محکمہ خزانہ نے منگل کو بتایا ہے کہ ملک کی اہم ایئر لائنز نے اپنے عملے کو تنخواہ دینے کے لیے اصولی طور پر 25 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج پر اتفاق کیا ہے۔ اس کا مقصد کرونا وائرس کی وجہ سے سفر بند ہوجانے اور بدتر معاشی صورتِ حال سے نکلنے میں مدد دینا ہے۔

چھ بڑے فضائی اداروں امریکن ایئرلائنز گروپ، یونائیٹڈ ایئرلائنز ہولڈنگز، ڈیلٹا ایئرلائنز، ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز، جیٹ بلیو ایئرویز اور الاسکا ایئرلائنز کے علاوہ کئی چھوٹی ایئرلائنز نے بھی اس پیکیج سے اتفاق کیا ہے۔

محکمہ خزانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ''ہم ایئرلائنز کے ساتھ مل کر معاملات طے کرنے اور جلد از جلد رقوم جاری کرنا چاہتے ہیں۔''

گزشتہ ہفتے امریکی محکمہ خزانہ کے طے کردہ ضابطہ کار کے مطابق بڑی ایئرلائنز جاری کردہ فنڈ کا 30 فی صد حکومت کو واپس کریں گی، جو قرضے کی اصل رقم کے 10 فیصد کے مساوی ہوگا۔

یہ رقوم تنخواہ کی ادائیگی اور دیگر فوائد کی مد میں ہو گی جو 2020 کی دوسری اور تیسری سہ ماہی کے لیے ہیں۔ امریکن اور یونائیٹڈ کو تقریباً چھ چھ ارب ڈالر؛ ڈیلٹا کو تقریباً 5.6 ارب، سائوتھ ویسٹ کو اندازاً 4 ارب جبکہ جیٹ بلیو اور الاسکا ایئرلائنز کو 1.2 ارب ڈالر دیے جائیں گے۔

امریکی ایئرلائنز 25 ارب ڈالر کے قرض کے لیے علیحدہ درخواست دے سکیں گی جو حکومت کے 2.3 ٹریلین ڈالر کے ریلیف پیکیج میں سے فراہم کیے جائیں گے۔