امریکہ: گذشتہ چار برسوں میں بے روزگاری کی شرح میں ریکارڈ کمی

امریکہ کے ادارہ برائے محنت و شماریات کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں اپریل کے مہینے میں بےروزگاری کی شرح 7.5٪ رہی۔

گذشتہ ماہ امریکی معیشت میں ایک لاکھ پینسٹھ ہزار نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے۔ یوں امریکہ میں 2008ء کے بعد سے اب تک بے روزگاری کی شرح گذشتہ چار برسوں میں سب سے کم درجے پر پہنچ گئی ہے۔ امریکی سٹاک مارکیٹ کو اس خبر سے بہت تقویت پہنچی اور اس خبر کا مارکیٹ پر مثبت رجحان دیکھا گیا۔

امریکہ کے ادارہ برائے محنت و شماریات کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ میں اپریل کے مہینے میں بےروزگاری کی شرح 7.5٪ رہی۔

اپریل کے مہینے میں ہی امریکہ میں ایک لاکھ پینسٹھ ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوئے اور یہ ملازمتیں زیادہ تر کاروباری اور پروفیشنل شعبوں میں ہوئیں۔ صحت ِ عامہ کے شعبے میں بھی نئی ملازمتوں کا رجحان دیکھا گیا۔

ماہرین ِ معاشیات کا کہنا ہے کہ فروری اور مارچ کے مہینے میں توقع سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ لیکن ان ملازمتوں کے باوجود ایک کروڑ ستر لاکھ امریکی ابھی بھی بے روزگار ہیں۔ چالیس لاکھ سے زائد امریکی گذشتہ چھ ماہ یا اس سے بھی زائد عرصے سے بے روزگار ہیں۔

ماہرین ِ معاشیات کا کہنا ہے کہ معیشت کی بحالی اس وقت تیزی سے ممکن ہو سکے گی اگر امریکی کانگریس حکومتی بجٹ کٹوتیوں کو منسوخ کرکے امریکہ میں نوکریاں پیدا کرنے کے لیے اوباما انتظامیہ کے مجوزہ بجٹ کٹوتیوں کے پلان پر عمل درآمد کرے۔ اس طرح ہر شعبے میں نئی ملازمتوں کے مواقع ممکن ہو سکیں گے۔