خواتین کرکٹ کو کامن ویلتھ گیمز 2022 میں شامل کرلیا گیا

فائل فوٹو

خواتین کرکٹ کو کامن ویلتھ گیمز میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سنہ 2022 میں برطانوی شہر برمنگھم میں ہونے والی کھیلوں میں خواتین کرکٹ کے مقابلے بھی شامل ہوں گے۔

اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں جب کہ آئی سی سی نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 'کامن ویلتھ گیمز 2022' میں وومن ٹی ٹونٹی کے مقابلے ہوں گے۔ ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان سمیت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، آسٹریلیا، بھارت، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو منو سواہنے نے اسے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ کا کھیل روز بروز مقبول ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ دولت مشترکہ کے ممالک کو بھی اب خواتین کرکٹ ٹی 20 مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا بلکہ خواتین میں کرکٹر بننے کا شوق بھی پروان چڑھے گا۔

سنہ 1998 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب کامن ویلتھ گیمز میں کرکٹ کے مقابلے ہوں گے۔ 1998 کے کوالا لمپور میں ہونے والے مردوں کے کرکٹ مقابلوں میں جنوبی افریقہ نے 50 اوورز کے فارمیٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز 27 جولائی 2022 سے شروع ہو کر 7 اگست 2022 تک جاری رہیں گے۔ ان کھیلوں میں ساڑھے چار ہزار ایتھلیٹ 18 کھیلوں کے مقابلوں میں ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہوں گے۔

کرکٹ کے تمام مقابلے برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں ہوں گے جہاں اب تک کئی یادگار مقابلے ہو چکے ہیں۔ ان میں پچھلے ماہ ہونے والا عالمی کپ کرکٹ کا سیمی فائنل میچ بھی شامل ہے جس میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو شکست سے دی تھی۔