گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی پہلوان اظہر حسین کو مبارک باد

گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستانی پہلوان اظہر حسین کو مبارک باد

کامن ویلتھ کھیلوں کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیرمین سریش کلماتی نے پاکستان کےپہلوان اظہر حسین کے گولڈ میڈل جیتنے پر مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ پاکستان نے 40برسوں میں کھیل میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے، جس سے، اُن کے بقول، دونوں پڑوسی ملکوں کے مابین کھیل کے ذریعے دوستی کو فروغ حاصل ہوگا۔

اظہر حسین نے 55کلوگرام کی فری اسٹائل کشتی میں نائجیریا کے ریسلر کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا ہے۔

اِس سے پہلے اظہر حسین نے سیمی فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے انیل کمار کو تین ایک سے ہرا دیا تھا۔ بعد میں، اُنھوں نےسری لنکا کے پہلوان کو محض 28سیکنڈ میں شکست دے دی تھی۔ انیل کمار کو گولڈ میڈل کا فیورٹ مانا جا رہا تھا۔

سریش کلماتی نے مزید کہا کہ پاکستان نے نئی دہلی میں کامن ویلتھ کھیلوں کے انعقاد کےلیے بھارت کی کوششوں کی حمایت کی تھی۔ اُن کے الفاظ میں، ‘ ہم اِسے قطعی طور پر فراموش نہیں کرسکتے۔ ’

اُنھوں نے کہا کہ بھارت کے دارالحکومت میں پاکستان کو 40برسوں میں کشتی کے مقابلے میں پہلا گولڈ میڈا ملا ہے۔

پاکستان نے اِن کھیلوں میں چار میڈل جیتے ہیں، جِٕن میں دو سونے کے، اور ایک چاندی اور کانسی کے ہیں۔