سندھ اسمبلی میں صدر زرداری کے دوعہدوں سےمتعلق قرار داد منظور

سندھ اسمبلی میں صدر زرداری کے دوعہدوں سےمتعلق قرار داد منظور

قرارداد پیپلزپارٹی کے رکن ندیم بھٹو نے پیش کی۔ ان کا کہناتھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے عوام میں سخت بے چینی ہے

سندھ اسمبلی میں صدر آصف علی زرداری کے دو عہدے رکھنے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے بارہ مئی کے فیصلے کے خلاف قرارداد منظور کر لی گئی۔ پیپلزپارٹی سےتعلق رکھنے والے اراکینِ اسمبلی نے فیصلے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شدید تنقید کی۔

قرارداد پیپلزپارٹی کے رکن ندیم بھٹو نے پیش کی۔ ان کا کہناتھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے عوام میں سخت بے چینی ہے ۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ نے پیپلزپارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو ، بے نظیر بھٹو اور جسٹس دیدار حسین شاہ کے خلاف بھی فیصلے دیے اوراب صدر آصف علی زرداری کے خلاف فیصلے پر عوام سخت مایوس ہیں ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اسی ذہنیت کے تحت ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا تھا ، ہمارا قصور یہ ہے کہ ہم پاکستان بنانے والے لوگ ہیں اور صدر آصف علی زرداری نے 'پاکستان کھپے' کا نعرہ لگایا ۔ پیپلزپارٹی کو کمزور نہ سمجھا جائے ، کارکن پارٹی قیادت کے ایک اشارے پر جان قربان کرنے کے لئے تیار ہیں ۔

دیگر اراکین نے اپنی تقریر میں کہا کہ ایوان صدر میں اپنی پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ اجلاس کرنے سے ایوان صدر کے تقدس اور وقار کو کوئی آنچ نہیں آتی۔ اس قرارداد کی ایوان میں موجود تمام ارکان نے حمایت کی جب قرارداد منظور ہوئی تو پیپلزپارٹی کے وزرا، اراکین اسمبلی نے کھڑے ہوکر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا اور ڈیسک بجائے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب عدلیہ اور حکمراں جماعت پیپلزپارٹی کے درمیان محاذ آرائی دیکھنے میں آئی ہو بلکہ اس سے قبل بھی پیپلزپارٹی کی جانب سے سندھ اسمبلی ،اپوزیشن رہنما چوہدری نثار علی خان کی چیئرمین نیب سے متعلق سپریم کورٹ میں دائر کردہ پٹیشن کیخلاف اتفاق رائے سے قرارداد منظور کرچکی ہے۔