رسائی کے لنکس

یونان: محنت کشوں کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری


ایتھنز میں کارکنوں کی ہڑتال
ایتھنز میں کارکنوں کی ہڑتال

یورو زون کے عہدے داروں کا کہناہے کہ امدادی فنڈز جاری کیے جانے سے پہلے یونان کو کئی اور اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔

یونان میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کارکنوں کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی ۔

مالیاتی بحران میں جکڑے یورپی ملک یونان میں کارکن ان سرکاری کٹوتیوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں جسے حکومت بیل آؤٹ پروگرام کے تحت یورپی قرضے کی نئی قسط حاصل کرنے کے لیے نافذ کرنا چاہتی ہے۔

یونان کی حکومت کو توقع ہے کہ یورو زون کے ممالک، پارلیمنٹ سے کفائت شعاری اور کٹوتیوں کے بل کی منظوری کے بعد قرضے کی نئی قسط جلد جاری کردیں گے کیونکہ اس ماہ کے وسط تک حکومت کے پاس موجود تمام فنڈز ختم ہوجائیں گے اور وہ مقررہ تاریخوں پر اپنے قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کے قابل نہیں رہے گا۔

یونان کی پارلیمنٹ نے طویل بحث مباحثے کے بعد جمعرات کو کٹوتیوں کے قانون کی منظوری دی تھی، لیکن یورو زون کے عہدے داروں کا کہناہے کہ امدادی فنڈز جاری کیے جانے سے پہلے یونان کو کئی اور اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔

کٹوتیوں کے خلاف پیر اور منگل کو یونان بھر میں سرکاری ملازموں، کارکنوں اور مزدوروں نے عام ہڑتال میں حصہ لیا تھا جس کے نتیجے میں سرکاری ادارے، کاروباری مراکز، سرکاری ٹرانسپورٹ کا نظام اوراسکول بند ہوگئے تھے اور کئی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں تھیں۔

کٹوتیوں کے بل سےسماجی بہبود کے پروگرام اور معمر افرادکی پنشن بھی متاثر ہوگی۔

یونان کا مالیاتی بحران پانچویں سال میں داخل ہوچکاہے اور ملک میں بے روزگاری کی شرح 25 فی صد سے زیادہ ہے۔
XS
SM
MD
LG