رسائی کے لنکس

ٹویوٹا کی 27 لاکھ گاڑیوں میں خرابی کی نشاندہی


نقائص رکھنے والی گاڑیوں میں سے تقریباً 15 لاکھ جاپان میں ہیں، جب کہ باقی ماندہ دنیا کے دیگر ممالک کی سڑکوں پر چل رہی ہیں۔

ٹویوٹا موٹر کمپنی نے دنیا بھر سے اپنی 27 لاکھ سے زیادہ گاڑیوں کو مفت مرمت کے لیے واپس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ ان گاڑیوں کے اسٹیرنگ اور واٹر پمپ میں خرابی کی نشاندہی ہوئی ہے۔

اس موٹر ساز کمپنی کی جانب سے اپنی فروخت شدہ گاڑیوں کی مفت مرمت کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔

جاپان کی اس بڑی موٹرساز کمپنی نے اپنے بدھ کے اعلان میں کہاہے کہ اسٹیرنگ اور واٹر پمپ کے نقائص کے باعث کوئی حادثہ پیش نہیں آیا اور یہ نقائص اتنے معمولی ہیں کہ انہیں تقریباً ایک گھنٹے میں دور کیا جاسکتا ہے۔

ٹویوٹا کے 14 ماڈلز میں ان نقائص کا پتا چلا ہے جن میں ان کے مقبول ترین ماڈل کرولا اور ہائی برڈ پرئیس بھی شامل ہیں۔

یہ خرابی 2000 سے2011 کے عرصے کے دوران تیار کی جانے والی گاڑیوں میں پائی گئی ہے۔

نقائص رکھنے والی گاڑیوں میں سے تقریباً 15 لاکھ جاپان میں ہیں، جب کہ باقی ماندہ دنیا کے دیگر ممالک میں موجود ہیں ، جن میں سے چھ لاکھ 70 ہزار امریکہ میں اور چار لاکھ 96 ہزار یورپ کی سڑکوں پر چل رہی ہیں۔

اس سے قبل ٹویوٹا کمپنی حال ہی میں اپنی لاکھوں گاڑیوں کے خراب پاور ونڈو سوئچ مفت تبدیل کرچکی ہے۔

ٹویوٹا کمپنی ایک زمانے میں اپنے اعلیٰ معیار کی بنا پر شہرت رکھتی تھی لیکن 2009 اور 2011 کے درمیان لاکھوں گاڑیوں کو مفت مرمت کے لیے واپس بلانے سے اس کی شہرت کو دھچکا لگا ہے۔ 2009 میں مرمت کے لیے بلائی جانے والی گاڑیوں کے ایکسیلیٹر میں خرابی تھی۔
XS
SM
MD
LG