رسائی کے لنکس

'ٹویوٹا' کا اپنی74 لاکھ گاڑیوں کی مفت مرمت کا اعلان


سوئچ پر 'گریس' کی مناسب مقدار نہ ہونے کے باعث اس کے استعمال سے رگڑ پیدا ہورہی ہے جس سے بعض اوقات دھواں نکل رہا ہے۔

اپنے درجن بھر سے زائد ماڈل کی گاڑیوں میں لگائی جانے والے غیر معیاری'پاور ونڈو' سوئچ کے باعث معروف کارساز کمپنی 'ٹویوٹا' نے دنیا بھر سے اپنی تیار کردہ 74 لاکھ سے زائد گاڑیاں مرمت کے لیے واپس منگانے کا اعلان کیا ہے۔

جاپان سے تعلق رکھنے والی کثیرالقومی کار ساز کمپنی نے بدھ کو جاری کیے جانے والے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ مذکورہ گاڑیوں میں کھڑکیوں کا شیشہ اتارنے اور چڑھانے کے لیے ڈرائیور کی نشست کے ساتھ جو سوئچ لگایا گیا ہے اس پر پیداواری عمل کے دوران میں ٹھیک سے 'گریس' نہیں لگایا جاسکا۔

بیان کے مطابق سوئچ پر 'گریس' کی مناسب مقدار نہ ہونے کے باعث اس کے استعمال سے رگڑ پیدا ہورہی ہے جس سے بعض اوقات دھواں نکل رہا ہے۔ماہرین کے مطابق مذکورہ خامی کے سبب متاثرہ گاڑیوں میں آگ لگنے کا بھی امکان ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ خامی 2005ء سے 2010ء کے دوران میں تیار کی جانے والے 14 مختلف ماڈلز کی گاڑیوں میں موجود ہے لیکن اس کے باعث اب تک کسی حادثے یا جانی نقصان کی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق متاثرہ گاڑیوں میں 'ٹویوٹا' کے معروف ماڈلز 'کیمری' اور 'کرولا' سمیت 'یارس'، 'میٹرکس'، 'آر اے وی4' اور دیگر ماڈلز کی گاڑیاں شامل ہیں۔

کمپنی کے مطابق صرف امریکہ سے ہی 25 لاکھ سے زائد گاڑیاں مرمت کے لیے واپس بلائی جارہی ہیں جب کہ یورپ اور چین ایسی گاڑیوں کی تعداد 28 لاکھ ہے۔

'ٹویوٹا' کی جانب سے اس اعلان کے بعد کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں بدھ کو 9ء1 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ کمپنی کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
XS
SM
MD
LG