رسائی کے لنکس

ترکی: ٹرین حادثے میں 9 افراد ہلاک، 40 سے زائد زخمی


انقرہ میں ہونے والے ٹرین تصادم کا ایک منظر
انقرہ میں ہونے والے ٹرین تصادم کا ایک منظر

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں تیز رفتار ٹرین اسٹیشن پر پہلے سے کھڑے انجن اور پیدل چلنے والوں کے لئے بنائے گئے پل سے تصادم کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 43 افراد زخمی ہوگئے ۔

حادثہ جمعرات کو پیش آیا۔ ترکی کے سرکاری میڈیا کے مطابق تیز رفتار مسافر ٹرین پہلے اسٹیشن پر کھڑے انجن سے ٹکرائی اور اس کے بعد پیدل چلنے والوں کے لئے تعمیر کئے گئے پل سے تصادم ہوا جس سے دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

انقرہ کے گورنر واصب شاہین نے سرکاری میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ٹرین جس انجن سے ٹکرائی ہے وہ ریلوے لائنز کی چیکنگ کے لئے استعمال ہوتا ہے ۔

مسافر ٹرین انقرہ سے قونیہ جا رہی تھی کہ درمیان میں یہ حادثہ پیش آگیا۔ آخری خبریں آنے تک امدادی ٹیمیں اور متعلق حکام ٹرین میں پھنسے مسافروں کو باہر نکالنے کی کوششوں میں مصروف تھے۔

گورنر انقرہ کا کہنا ہے کہ حادثے سے متعلق تفتیش جاری ہے۔

XS
SM
MD
LG