پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو اہم کھلاڑیوں شاہین شاہ آفریدی اور فخر زمان کو فٹنس مسائل نے گھیر لیا ہے جس کے سبب دونوں کی پری سیزن کیمپ میں شرکت بھی ممکن نہیں رہی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کا پری سیزن کیمپ سابق کپتان مصباح الحق کی نگرانی میں 19 اگست سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں جاری ہے۔
کیمپ کے انعقاد کا مقصد کھلاڑیوں کی تربیت اور پریکٹس ہے لیکن پریکٹس کے دوران ہی فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی اور اوپننگ بیٹسمین فخر زمان بیمار ہو کر اسپتال پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ دونوں کھلاڑی فی الحال کیمپ میں شامل نہیں ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کے سبب لاہور کے اسپتال میں زیر علاج ہیں اور پری سیزن کیمپ سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ فخر زمان پریکٹس کے دوران گھٹنے میں انجری کے سبب کیمپ میں شامل نہیں۔
فخر زمان کے گھٹنے کا ایم آر آئی کرایا گیا ہے اور بورڈ کو ان کی اسکینگ رپورٹ کا انتظار ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اسکینگ رپورٹ کا معائنہ پی سی بی کا میڈیکل ایڈوائزری پینل کرے گا جس کے بعد ہی ان دونوں کھلاڑیوں کی کیمپ میں واپسی کا فیصلہ ہوسکے گا۔
یاد رہے کہ آئندہ ماہ سری لنکن ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے جس کے دوران تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔
فیس بک فورم