رسائی کے لنکس

رابی پیرزادہ نے شو بزنس چھوڑنے کا اعلان کردیا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی گلوکارہ اور اداکارہ رابی پیرزادہ نے شو بزنس کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

پیر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں رابی پیرزادہ نے لکھا ہے کہ "میں رابی پیرزادہ شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرتی ہوں۔ اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کو معاف کرے اور میرے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔

'سیو اے سول' کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنے ٹوئٹ میں رابی پیرزادہ نے قرآن کی آیت "وَتُعِزُّ مَنْ تَشَاءُ وَتُذِلُّ مَنْ تَشَاءُ" بھی تحریر کی ہے۔

گزشتہ ہفتے رابی پیرزادہ کی بعض ذاتی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر لیک ہو گئی تھیں جس کے بعد سے وہ ذہنی دباؤ کا شکار اور پریشانی میں مبتلا تھیں اور انہوں نے اس کا بارہا اظہار بھی کیا تھا۔

رابی پیرزادہ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ میں درج کرائی جانے والی اپنی شکایت میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنا موبائل کسی خرابی کی وجہ سے اسی کمپنی کو واپس کیا تھا جس سے انہوں نے یہ فون خریدا تھا۔

رابی کے بقول انہوں نے اپنی ذاتی ویڈیوز اور فوٹوگراف موبائل فون سے حذف کردی تھیں لیکن بعد میں کسی نے وہ ریکور کرکے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیں۔

دو روز قبل بھی اپنے ایک ٹوئٹ میں رابی پیرزادہ نے لکھا تھا کہ "جو بندہ دنیا میں کسی بندے کی پردہ پوشی کرے گا، اللہ عزوجل قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔''

رابی پیرزادہ نے 2004 میں شو بزنس کی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ وہ گلوکارہ بننے کا خواب آنکھوں میں سجائے شوبز میں آئی تھیں اور گلوکاری سے ہی انہوں نے اپنی فنی کیرئر کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے اپنے پرستاروں کو متعدد مقبول گیت دیے۔ پھر اداکاری کی دنیا میں جوہر دکھانے کا فیصلہ کیا اور یہاں بھی خاصی کامیاب رہیں۔

گلوکاری اور اداکاری کے ساتھ ساتھ انہوں نے سوشل میڈیا پر بھی خود کو بہت فعال رکھا تھا جہاں وہ مختلف سماجی مسائل پر کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرتی آئی ہیں۔

حال ہی میں رابی پیرزادہ نے پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی ایک ٹوئٹ پر بھی تنقید کی تھی جس میں انہوں نے 'آئی ایس پی آر' کے تعاون سے تیار ہونے والی ایک فلم میں آئٹم سانگ شامل کرنے کا دفاع کیا تھا۔

گزشتہ ماہ رابی پیرزادہ نے سوشل میڈیا پر سانپ، اژدھوں اور مگرمچھوں کے ساتھ بنائی گئی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

اس ویڈیو پر پنجاب کے محکمۂ جنگلی حیات نے ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG