رسائی کے لنکس

متیرا، جن کا ہر قول و فعل متنازع بن جاتا ہے


پاکستانی ماڈل، ٹی وی ہوسٹ، ایکٹریس اور بھارتی فلموں میں آئٹم سانگز کرنے والی متیرا کا ’وائس آف امریکہ‘ کو خصوصی انٹرویو

پاکستان کی ایک اداکارہ ایسی بھی ہیں جن کا دعویٰ ہے کہ لوگ انہیں دیکھنے کے لئے ٹی وی آن کرتے ہیں ۔۔۔اور ۔۔۔ٹی وی والے اپنے پروگرام کی ریٹنگ بڑھانے کے لئے انہیں بلاتے ہیں۔ اپنی ہم عصر فنکاروں کے بارے میں وہ کہتی ہیں ’اب ہر اداکارہ آئٹم گرل ہے‘۔ اپنی پسندیدہ شخصیت کے بارے میں وہ انکشاف کرتی ہیں کہ انہیں ’بلاول بھٹو‘ اور’ آصف زرداری‘ پسند ہیں۔۔۔اور۔۔وہ شادی اس سے کریں گی جس کا دل بڑا اور بینک بیلنس اس سے بھی بڑا ہو۔

کو ن ہیں یہ فنکارہ؟ شاید آپ نے اندازہ لگا لیا ہو۔ یہ متیرا ہیں۔۔۔جنہیں تنازعات کی ملکہ وینا ملک اور فلم آرٹسٹ ’میرا‘ کی کیٹیگری میں گنا جاتا ہے۔۔لیکن، وہ خود کو اس ’لیگ‘ کا ممبر نہیں مانتیں۔۔۔مگر حقیقت یہ ہے کہ متیرا پاکستان کی ایسی اداکارہ ہیں جن کا ہر’قول‘ و’ فعل‘ متنازع بن جاتا ہے۔

گزشتہ ہفتے ’وائس آف امریکہ‘ سے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے بہت سے نئے انکشافات بھی کئے اور اپنی ذات سے جڑے تنازعات پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ تفصیلات ذیل میں ملاحظہ کیجئے:

وی او اے : متیرا کیا واقعی یہ درست ہے کہ تنازعات سائے کی طرح آپ کا پیچھا کرتے ہیں؟
متیرا: (زوردار قہقہہ لگاتے ہوئے) ’یو نو۔۔۔لوگ شروع سے ہی مجھ پر تنقید کرتے آئے ہیں۔۔بٹ آئی ڈونٹ کیئر۔۔بی کوز۔۔ مجھے یہ سوچ کر ہی اچھا لگتا ہے کہ لوگ میرے بارے میں اتنا سوچتے ہیں۔۔۔ ہاٹ ۔۔بولڈ ۔۔ کونفیڈنٹ۔۔اور بھی پتہ نہیں کیا کیا کچھ مجھے بولا جاتا ہے۔ میں نے اپنے پہلے کیریئر کا پہلا ویڈیو سانگ ’جادوگر‘ کیا تو حد ہی ہوگئی۔۔۔میں اپنی ڈریس کو لے کر بہت کونشیس تھی ۔۔اور اس بات کا پورا پورا خیال رکھا کہ کسی کو کچھ کہنے کا موقع نہ ملے۔ لیکن ۔۔بلیو می ۔۔جب لوگوں کو کچھ اور نہ ملا تو اسی پر شروع ہوگئے کہ میرا اسٹائل آف سٹنگ (بیٹھنے کا انداز)۔۔ غلط تھا۔۔میں ایسے بولڈ طریقے سے کیوں بیٹھی۔۔۔اور میں نے ویسا کیوں نہیں کیا۔۔۔مائی گاڈ۔۔۔مجھے تو لگا کہ میرے تو ’اشارے‘ بھی لوگوں کو’پاگل‘ کردیتے ہیں۔۔۔‘

تو کیا ہم یہ سمجھیں کہ لوگوں کی منفی سوچ آپ کے لئے مثبت بن گئی ۔۔۔؟
’آف کورس۔ مجھے ایسے میں مزا آتا ہے۔ اسی مزے نے مجھے شوبزنس کی دنیا میں قدم جمانے کا موقع دیا۔ ورنہ ۔۔یو نو بیٹر۔۔ کہ ۔۔میں نے ایک مورننگ شو سے یوگا انسٹرکٹر کے طورپر کیریئر شروع کیا تھا۔ اس پر بھی لوگوں نے اعتراض کیا ۔۔پھر میوزک شو کیا۔۔ تو سوشل میڈیا میں بحث چھڑ گئی۔۔اور پورے پورے پیج کالے ہونے لگے۔۔آج کے میڈیا کی طرح سوشل میڈیا بھی بہت پاورفل ہے۔ لہذا، جب (ہنستے ہوئے)مجھے لگا کہ ہر طرف میں ہی میں چھائی ہوئی ہوں تو میں نے سوچا کیوں نہ اسی کو آگے بڑھایا جائے۔۔‘

اس دوران میں آپ نے ماڈلنگ بھی تو شروع کی تھی۔۔۔لیکن ’کنٹرورسی‘ وہاں بھی آپ کے ساتھ ساتھ ہی رہی ۔۔۔
’یس۔۔۔یو آر رائٹ۔۔۔۔ کچھ مہینوں پہلے کی بات ہے میں نے ایک کمرشل ایڈ کیا تھا۔ وہ ایڈ ایسا ’کلک‘ ہوا کہ راتوں رات لوگوں کی آنکھوں میں ’چھا‘ گیا۔ یہاں تک کہ لوگوں کی ’فرمائش‘ پر اسے بند کرنا پڑا۔ اس حوالے سے میں یہی کہوں گی کہ آپ مجھے اللہ میاں کی گائے کہیں۔۔ میں تو سب کچھ لوگوں کے کہنے پر کرتی ہوں۔ جیسے ڈائریکٹرز کہتے ہیں ویسا ہی کرتی ہوں۔۔میں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا کہ لوگ برا کہیں۔۔‘

آپ کو اپنی’اوور آل امیج ‘کے بارے میں سن کر ڈر نہیں لگتا ۔۔؟
’لوگ تو بس باتیں بناتے ہیں۔کچھ روز پہلے جب ایک انٹرنیشنل میگزین نے میری تعریف کی تو میرے کریٹکس کو لگا کہ متیرا میں کچھ تو ایسا ضرور ہے جو سب پر چھا جاتی ہے۔ میں زمبابوے میں پیدا ہوئی۔ میرے پاپا افریقی اور ماں پاکستانی ہیں۔۔میرے لئے یہاں کا ماحول شروع شروع میں بہت ہی اجنبی اجنبی سا تھا۔۔مجھے اردو بھی نہیں آتی تھی۔۔اس کے باوجود آج سوشل میڈیا سے لیکر میڈیا تک ہر جگہ مجھے پہچانا جاتا ہے۔۔کم از کم اس کا کریڈیٹ تو مجھے ملنا ہی چاہئے۔۔کچھ تو ہے تبھی تو لوگ مجھے ’ڈسکس‘ کرتے ہیں۔

کہیں ایسا تو نہیں تنازعات آپ کے لئے شہرت حاصل کرنے کا طریقہ ہوں۔۔؟
(زور دار ہنسی کے ساتھ) ۔۔۔’نہیں۔۔۔ایکچوئیلی، میں بہت خوب صورت ہوں اور خوب صورتی کی وجہ سے ایٹریکٹو (دلکش)بھی نظر آتی ہوں۔۔۔تو، کیا ہے کہ لوگ اس پر جل بھن جاتے ہیں۔ پھر پریس والے بھی اس میں جھوٹ سچ مکس کردیتے ہیں۔۔اب یہی دیکھ لیں کہ ہمارے سابق صدر کی سالگرہ پر میں نے ایک تصویر کھنچوائی جس میں کیک ہاتھ میں لے کر میں نے انہیں وش کیا تھا۔ مگر پھر بھی بات کیا سے کیا ہوگئی۔۔۔۔مجھے تو لگتا ہے کیک میں ہی کچھ ایسا تھا۔۔۔جو تنازع بن گیا۔‘

سنا ہے آپ سنیل بوہرہ کی فلم ’اکی تے وکی تے نکی‘ میں کام کی غرض سے بھارت یاترا بھی کرچکی ہیں؟
’میں اس فلم سے پہلے ایک آئٹم سانگ بھی کرچکی ہوں ۔۔لک چک کرنٹ۔۔۔اب لوگوں کو اس پر بھی اعتراض ہوگا کہ میں نے آئٹم سانگ کیوں کیا۔۔۔!! سو مائی آنسر از ۔۔۔کہ آج کی ہر اداکارہ ’آئٹم گرل‘ ہے۔ میں نے آئٹم سانگ ڈائریکٹر کی مرضی کے مطابق اس لئے کیا کہ یہ گانے کی ڈیمانڈ تھی۔ اب اگر کوئی مجھے برا کہے گا تو میں یہ کہوں کہ بھائی ڈائریکٹر کو پکڑیں، اس نے ایسا کام کیوں کیا، کچھ برا ہے تو سنسر بورڈ والوں سے پوچھیں ۔۔اور آئی ایم سوری ٹو سے ۔۔۔وینا ملک اور’میرا‘ سے میرا کوئی مقابلہ نہیں۔۔۔وہ میری کٹیگری میں نہیں۔۔الگ لیگ میں ہیں۔۔‘

پریس والوں کے ساتھ ساتھ کسی اور سے بھی کوئی شکوہ ہے؟
لوگ اپنے شوز کی ریٹنگ کے لئے مجھے بلاتے ہیں۔۔۔میرا مقصد ایٹریکٹو ہونا ہے دکھانا نہیں۔۔لیکن مجھے تعجب جب ہوتا ہے جب وہی لوگ پیٹھ پیچھے مجھے کچھ بولتے ہیں حالانکہ وہ خود میرے آگے پیچھے گھومتے ہیں۔۔ڈبل اسٹینڈرڈ ہے لوگوں کا۔۔رہی بات پریس کی تو مجھے پریس سے بھی کوئی شکایت نہیں۔۔۔اس کے بارے میں صرف ایک بات کہی ہے ۔۔جو سچ ہے‘۔

بولڈ مناظر کے بارے میں کیا رائے رکھتی ہیں؟ کیا وکالت پیش کریں گی؟کیا آئندہ بھی بولڈ مناظر ہی کرنا پسند کریں گی؟
(ایک لمحہ بھی توقف کئے بغیر ۔۔) ’کبھی سوچا نہیں کہ کس حد تک جاوٴں گی ۔۔ہاں قابل اعتراض سین پکچرائز نہیں کرآوٴں گی۔۔آئی ایم ناٹ اے لیبل آف بیڈ پیکیج۔۔ خوبصورت ہوں اور خوبصورتی پر ناز کرتی ہوں۔۔لوگ مجھے دیکھنے کے لئے ٹی وی آن کرتے ہیں۔۔‘

شادی سے متعلق کیا ارادہ ہے؟ کس طرح کا لڑکا پسند ہے۔۔؟
’ویسے تو کوئی جلدی نہیں ۔۔۔ہاں بس لڑکا بڑے دل ۔۔۔اور اس سے بھی ’بڑے‘بینک بیلنس کا مالک ہو تو چلے گا۔۔۔میں ٹوٹ کر محبت کرنے پر یقین کرتی ہوں۔‘

کوئی ایسی خواہش جو پوری نہ ہوسکی ہو؟
میں بے نظیر بھٹو سے ملاقات کی خواہش مند تھی۔۔ان سے بہت امپریس ہوں۔۔ان کے بعد بلاول بھٹو اور آصف زرداری پسند ہیں۔میری نظر میں بلاول پاکستان کے واحد سپرمین ہیں۔‘
XS
SM
MD
LG