رسائی کے لنکس

کیا شعیب ملک اور محمد حفیظ کو ریٹائر ہو جانا چاہیے؟


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر رمیز راجہ کے بقول اُنہیں لگتا ہے کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کے ریٹائر ہونے کا وقت آگیا ہے۔ (فائل فوٹو)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر رمیز راجہ کے بقول اُنہیں لگتا ہے کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کے ریٹائر ہونے کا وقت آگیا ہے۔ (فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے دو سینئر کھلاڑیوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوجانے کے مشورے پر کرکٹ حلقوں میں اس سوال کی بازگشت سنائی دینے لگی ہے کہ کیا واقعی دونوں سینئر کھلاڑیوں کو یہ مشورہ مان لینا چاہیے؟

پاکستان کے سابق کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ نے بھارتی خبر رساں ادارے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' کو پیر کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کے مذکورہ دونوں آل راؤنڈرز کو اب آرام کرنا چاہیے۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ وہ کسی کھلاڑی پر ذاتی تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہیں تاہم اُن کے خیال میں شعیب ملک اور محمد حفیظ کو عزت و احترام کے ساتھ بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دینا چاہیے۔

اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ دونوں سینئر کھلاڑیوں نے اپنے تمام کیریئر کے دوران پاکستان کے لیے بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔

رمیز راجہ کے بقول، اُنہیں لگتا ہے کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کے ریٹائر ہونے کا وقت آگیا ہے۔ ان کی ریٹائرمنٹ پاکستان کرکٹ کے لیے مفید ثابت ہو گی۔

واضح رہے کہ 38 سالہ شعیب ملک چار سال پہلے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے جب کہ گزشتہ سال ورلڈ کپ کے بعد انہوں نے ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

ادھر 39 سالہ محمد حفیظ نے رواں سال کے آخر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی 20 کپ میں شرکت کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم محمد حفیظ اور شعیب ملک کو فروری میں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی جانب سے واپس بلالیا تھا جس پر کرکٹ کے حلقوں میں اس فیصلے پر خاصی تنقید بھی کی گئی تھی۔

آل راؤنڈر محمد حفیظ 55 ٹیسٹ، 218 ایک روزہ میچز اور 91 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا پہلا میچ 2003 میں اور اب تک کا آخری ٹیسٹ 2018 میں کھیلا تھا۔

شعیب ملک نے اپنا ڈیبیو میچ 2001 میں کھیلا تھا جب کہ آخری ٹیسٹ میچ 2015 میں کھیلا تھا۔

شعیب ملک اب تک کھیلے گئے 35 ٹیسٹ میچز میں 1898 رنز بناچکے ہیں۔ 287 ایک روزہ میچز میں وہ 7534 اور 113 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 2321 رنز بنا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG