رسائی کے لنکس

پی سی بی کا سال کے آخر میں پی ایس ایل فائیو مکمل کرنے کا اعلان


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے خاتمے کے بعد پی سی بی کی پہلی ترجیح پی ایس ایل کے ناک آؤٹ میچز مکمل کرانا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق وسیم خان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے۔ جب پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ملتان سلطانز کو ٹائٹل کا حق دار ٹھہرانے کی باتیں ہو رہی ہیں۔

البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ معاملات بہتر ہوتے ہی اُن کی اولین ترجیح پی ایس ایل کے پلے آف، سیمی فائنل اور فائنل کا انعقاد کرانا ہے۔ جس کے لیے سال کے اختتام پر دو مختلف تاریخوں پر غور ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پلے آف، سیمی فائنل اور فائنلز کرونا وائرس کے باعث ملتوی کر دیے گئے تھے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 22 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول تھا۔

ملتان سلطانز، کراچی کنگز، پشاور زلمی اور لاہور قلندرز نے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی۔

ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ملتان سلطانز کو ٹرافی دینے کی باتیں مضحکہ خیز ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ٹورنامنٹ مکمل ہو اور کھلاڑی اپنی کارکردگی سے ٹرافی اپنے نام کریں۔

پی ایس ایل کے باقی ماندہ میچز کے حوالے سے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے والی ٹیموں میں اختلافات سامنے ائے تھے۔ البتہ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ اُنہیں امید ہے کہ اگر حالات بہتر ہوئے تو سال کے آخر میں پی ایس ایل کو مکمل کیا جا سکتا ہے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ "ہمیں ٹورنامنٹ مکمل کرنے کے لیے تین سے چار روز درکار ہوں گے، جو اتنا مشکل نہیں ہو گا۔"

کرونا وائرس کے باعث کرکٹ کے علاوہ دنیا بھر میں کھیلوں کے کئی مقابلے ملتوی ہو گئے تھے۔ کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے اولمپکس بھی اگلے سال تک موخر کر دیے گئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG